ہری پور کے علاقے جبری سے چیتے کے 2 بچے ریسکیو کیے گئے ہیں جن کے نام بھی رکھ دیے گئے ہیں۔
اس بات کا اظہار اسلام آباد میں وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کی چیئرپرسن رینا سعید نے پریس کانفرنس کے دوران کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ایک نر چیتا ہے جس کا نام سلطان رکھا گیا ہے، جبکہ مادہ چیتے کا نام نیلو رکھا گیا ہے، دونوں بچوں کی عمر 2 ماہ ہے۔
رینا سعید نے بتایا کہ ان چیتے کے بچوں کی ماں لاپتہ ہے، اس حوالے سے مقامی افراد کا کہنا ہے کہ چیتے کے بچوں کی ماں کو مار دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایاکہ کے پی وائلڈ لائف کی درخواست پر چیتے کے بچوں کو اسلام آباد وائلڈ لائف ریسکیو اینڈ ری ہیبلیٹیشن سینٹر منتقل کر دیا گیا ہے۔
وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کی چیئرپرسن نے مزید بتایا ہے کہ چیتے کے بچوں کا طبی معائنہ مکمل ہو چکا ہے، آج ان کی ویکسینیشن کی جائے گی۔
رینا سعید کا یہ بھی کہنا ہے کہ ڈبلیو ڈبلیو ایم بی پاکستان کے مطابق چیتے کی نسل پاکستان میں خطرے سے دو چار ہے، اسلام آباد وائلڈ لائف چیتوں کی نگہداشت کے لیے غیر معمولی اقدامات کرے گی۔