سینیٹر کہدہ بابر، حق دو تحریک کے رہنما اور نو منتخب ایم پی اے ہدایت الرحمان نے گوادر میں مسلسل بارش پر ردعمل دیا ہے۔
سینیٹر کہدہ بابر نے کہا ہے کہ پورا گوادر شہر ڈوبا ہوا ہے، ضلعی انتظامیہ اپنی مدد آپ کے تحت کام کر رہی ہے۔
انہوں نے بلوچستان حکومت سے گوادر کو آفت زدہ قرار دینے کا مطالبہ کردیا۔
سینیٹر کہدہ بابر نے مزید کہا کہ گوادر کی موجودہ صورتحال نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور پروینشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کو آگے آنا چاہیے۔
اُن کا کہنا تھا کہ 2010 میں ایسی بارش ہوئی تھی، اس کے بعد اب ایسی بارش کا سامنا ہے، پورا گوادر شہر پانی میں ڈوبا ہوا ہے۔
سینیٹر کہدہ بابر نے یہ بھی کہا کہ لوگ اپنی مدد آپ کے تحت علاقہ چھوڑ رہے ہیں، حکومت کی طرف سے کچھ نہیں ہو رہا۔
اُنہوں نے کہا کہ طوفانی بارشوں کے باعث مچھیروں کی کشتیاں ٹوٹ گئی ہیں۔ اب اُن کے روزگار کا کیا ہوگا؟ بلوچستان حکومت گوادر کو آفت زدہ قرار دے۔
دوسری طرف ہدایت الرحمان نے کہا کہ گوادر سی پیک کے ماتھے کا جھومر ہے، لیکن یہاں تو نکاسی آب تک کا کوئی بندوبست نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ طوفانی بارشوں سے گوادر کے مکانات 5 سے 6 فٹ پانی میں ڈوب چکے ہیں۔
اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر گوادر اورنگزیب بادینی نے کہا کہ گوادر میں بارش سے7 مکانات گر چکے ہیں جبکہ متعدد مکانات جزوی طور پر متاثر ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگلے 2 دنوں میں بارش میں مزید اضافے کی پیشگوئی ہے، 29 فروری کو مزید تیز بارش کا امکان ہے۔
ڈی سی گوادر نے مزید کہا کہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا کام شروع کردیا گیا ہے۔