پاکستان پیپلز پارٹی کے ترجمان فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ 9 مارچ کے بعد گورنر خیبر پختونخوا کے نام کا اعلان کر دیا جائے گا۔
پشاور سے ترجمان پیپلز پارٹی فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اس وقت سندھ اور بلوچستان میں حکومت سازی پر توجہ ہے۔ گورنر خیبر پختونخوا کے نام کی کوئی جلدی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ آصف زرداری صدر منتخب ہونے کے بعد گورنر کے نام کا اعلان کریں گے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی اختلافات سے بچنے کیلئے صدر کے انتخاب سے پہلے گورنر کے نام کا اعلان نہیں کیا جا رہا۔ پارٹی میں اختلافات کی صورت میں صدارت کیلئے آصف زرداری کے ووٹ متاثر ہو سکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو نے 10 مارچ کے بعد گورنر کے نام کے اعلان سے متعلق صوبائی قیادت کو آگاہ کر دیا۔