گوادر میں طوفانی بارشوں نے ہر طرف تباہی مچادی، گھر، دکانیں، بازار، محلے اور سڑکیں، ہر طرف پانی ہی پانی نظر آنے لگا۔
گوادر میں کل سے اب تک 183 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جاچکی ہے، مزید بارش کی پیشگوئی ہے۔
جیوانی میں 3 بند ٹوٹ گئے، ندی نالوں میں طغیانی کے باعث سُربندر کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔
چمن، قلعہ عبداللّٰہ، پشین اور کیچ میں بھی موسلادھار بارش سے ندی نالوں میں سیلابی صورتِ حال پیدا ہوگئی، پاک ایران کراسنگ پوائنٹ کے قریب سیلاب میں پھنسی گاڑیاں نکالی جارہی ہیں۔
زیارت، توبہ اچکزئی، توبہ کاکڑی اور کوژک ٹاپ میں برف باری جاری ہے، گوادر اور جیوانی پاک فوج کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں، اب تک 5 افراد کو بحفاظت نکالا جا چکا۔
آرمی انجینئرز نے روڈ کلیئرنس اور گاڑیوں کی ریکوری شروع کردی۔
بازاروں اور گھروں سے پانی نکالنے کے لیے ڈی واٹرنگ کا عمل بھی جاری ہے، متاثرہ لوگوں میں راشن اور امدادی سامان کی تقسیم ہے۔
کل سے یکم مارچ تک گوادر سمیت بلوچستان کے مختلف شہروں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی ہے۔