نئی دہلی(صباح نیوز) بھارت کی جنوبی ریاست تامل ناڈو کے علاقے تروپور میں روڈ شو کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی پر موبائل فون پھینک دیا گیا۔وزیر اعظم مودی تامل ناڈو، کیرالہ اور مہاراشٹر کے دو روزہ دورے پر ہیں۔ کیرالہ میں منعقدہ انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو) کی تقریب میں شرکت کے بعد وزیر اعظم مودی نے تامل ناڈو میں بی جے پی کے صدر انامالائی کی این مین این پیپل یاترا کی اختتامی تقریب میں شرکت کی۔ تروپور میں لوگوں نے نعرے لگا کر وزیر اعظم مودی کا استقبال کیا، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نعرے بازی کے دوران بھیڑ میں سے کسی نے مودی کی گاڑی پر موبائل فون پھینکا ،اس کے بعد اسپیشل پروٹیکشن گروپ(ایس پی جی)کے ایک رکن نے سیل فون ہٹانے کو کہا، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے ، معاملے پرپولیس کی جانب سے فی الحال کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا ہے۔