سندھ ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سندھ کے سینئر رہنما حلیم عادل شیخ کی چیف الیکشن کمشنر و دیگر کے خلاف توہین عدالت کی درخواست کی فوری سماعت کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں سپریم کورٹ جانے کی ہدایت کردی۔
عدالت عالیہ میں وکیل حلیم عادل شیخ نے مؤقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن نے توہین عدالت کی ہے۔ ہائیکورٹ کے حکم پر عملدرآمد نہیں کیا۔
چیف جسٹس عقیل احمد عباسی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن نے حکم نامہ تو جاری کردیا تھا۔ اگر آپ کی مرضی کا حکم جاری نہیں کیا گیا تو ہم کیا کرسکتے ہیں؟ آپ کا فورم سپریم کورٹ ہے، آپ وہاں جائیں۔
وکیل حلیم عادل شیخ علی طاہر ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ ہمارے پولنگ ایجنٹ کی غیر موجودگی میں الیکشن نتائج مرتب کیے گئے۔ حلیم عادل شیخ اکثریت سے کامیاب ہو رہے تھے لیکن بعد میں انہیں ہرا دیا گیا۔
سندھ ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو ہماری درخواستوں پر فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا۔ عدالت نے درخواست پر فوری سماعت کی استدعا مسترد کردی۔