• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عامر ڈوگرکی تیسری مرتبہ اسپیکر بننے پر ایاز صادق کو مبارکباد

عامر ڈوگر—فائل فوٹو
عامر ڈوگر—فائل فوٹو

سنی اتحاد کونسل کے اسپیکر قومی اسمبلی کے امیدوار عامر ڈوگر نے تیسری مرتبہ اسپیکر بننے پر ایاز صادق کو مبارک باد دی ہے۔

ایوان میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے مخصوص نشستوں کے بغیر یہ الیکشن لڑا، میرے ووٹ 91 نکلے اور آپ کے 199 ووٹ نکلے، میں سنگل پارٹی ہوں اور آپ 7 پارٹیاں ہیں۔

عامر ڈوگر نے کہا کہ 8 فروری کو فارم 45 کے مطابق نتیجہ آتا تو میرے ووٹ 225 ہوتے، ہمارے ووٹرز نے مختلف انتخابی نشانوں کو ڈھونڈ ڈھونڈ کر مہر لگائی۔

ان کا کہنا ہے کہ ہماری مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا گیا اور قومی اسمبلی کی 80 سیٹیں چھینی گئیں، ہمیں 94 سیٹوں کا نتیجہ دیا گیا، ایک لوٹا بن گیا، دو کے نوٹیفکیشن روکے گئے۔

عامر ڈوگر نے کہا کہ کہتے ہیں کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں، یہ سب کتابی باتیں ہیں، ثابت ہوا ہے کہ ووٹ ڈالنے والوں کے مینڈیٹ کا یہاں احترام نہیں کیا گیا، اگر یہی ڈرامہ کرنا تھا تو قوم کے 50 ارب روپے خرچ کرنے کی کیا ضرورت تھی؟

انہوں نے مزید کہا کہ یہ الیکشن نہیں سلیکشن تھی جو نیلامی کے ذریعے کی گئی، کل تعارفی سیشن تھا میرے لوگوں کے چہرے اترے ہوئے تھے، الیکشن ہوتا ہے تو لوگوں میں امید پیدا ہوتی ہے، آج پورا ملک سوگوار ہے۔

عامر ڈوگر کا یہ بھی کہنا ہے کہ مہنگائی ہے، بجلی مہنگی ہے، لوگ غربت کی وجہ سے مرر ہے ہیں، ہماری جیتی ہوئی سیٹوں کا مینڈیٹ ہمیں واپس کیا جائے، ہماری مخصوص نشستیں ہمیں دلائی جائیں۔

قومی خبریں سے مزید