صدارتی امیدوار آصف زرداری اور محمود خان اچکزئی کے کاغذات نامزدگی ہائیکورٹ میں جمع کرادیے گئے ہیں۔
صدارت کے عہدے کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے آصف زرداری کے کاغذات نامزدگی سندھ ہائیکورٹ اور اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرادیے گئے۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کاغذات نامزدگی سندھ ہائیکورٹ میں جبکہ فاروق ایچ نائیک نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں صدارتی انتخاب کے لیے آصف زرداری کے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، آصف زرداری کے تجویز کنندہ اور ناصر حسین شاہ تائید کنندہ ہیں۔
سندھ ہائیکورٹ میں چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس عقیل احمد عباسی نے کاغذات نامزدگی وصول کیے جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے کاغذات نامزدگی وصول کیے۔
ادھر سنی اتحاد کونسل کی جانب سے صدارتی عہدے کے لیے بانی پی ٹی آئی کی جانب سے نامزد کردہ محمود خان اچکزئی کے کاغذاتِ نامزدگی بھی اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرادیے گئے۔
صدارتی انتخاب کے لیے اسلام آباد میں 5 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے۔
آصف علی زرداری کے کاغذات نامزدگی فاروق ایچ نائیک نے جمع کرائے جبکہ محمود خان اچکزئی کے کاغذات نامزدگی لطیف کھوسہ نے جمع کرائے۔
ایڈووکیٹ اصغر علی مبارک نے بھی صدرِ پاکستان کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے ہیں۔
اس کے علاوہ آزاد امیدوار وحید کمال اور شہری عبدالقدوس نے بھی صدرِ پاکستان کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے 9 مارچ کو ہونے والے صدارتی انتخاب کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق 2 مارچ کو کاغذاتِ نامزدگی 12 بجے سے پہلے جمع کرائے جا سکیں گے، کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال 4 مارچ کو ریٹرننگ آفیسر صبح 10 بجے کریں گے۔
کاغذاتِ نامزدگی 5 مارچ دوپہر 12 بجے تک واپس لیے جا سکیں گے، صدارت کے امیدواروں کی فہرست 5 مارچ کو 1 بجے آویزاں کی جائے گی اور دستبردار ہونے کی تاریخ 6 مارچ ہوگی۔
صدارتی انتخاب کے لیے پولنگ 9 مارچ کو صبح 10 سے شام 5 بجے تک پارلیمنٹ ہاؤس اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں ہوگی۔
واضح رہے کہ وزیرِ اعظم اور صدر کے نام پر مسلم لیگ ن اور پی پی پی ایک دوسرے کی حمایت کریں گے۔