متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو وزارتِ عظمیٰ کے الیکشن میں ووٹ دینے کا فیصلہ کرلیا۔
مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں نے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کی۔
اس دوران ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ان شااللّٰہ کل شہباز شریف وزیراعظم بن جائیں گے، ہماری نیک تمنائیں شہباز شریف کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم ن لیگ کے ساتھ ہیں ان کی ہرقسم کی مدد کریں گے۔ الیکشن سے قبل بھی پی ایم ایل ن کے ساتھ تھے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اس حکومت کو کامیاب کرنا ہے، یہ حکومت کامیاب ہوگی تو لوگوں کی پریشانی ختم ہوگی، اپنے کاندھے پر ایک ذمہ داری محسوس کر رہے ہیں۔
ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ ہمارے 80 فیصد شہر میں پانی، رات کو گیس، صبح بجلی نہیں ہوتی۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہم وزیراعظم کےلیے ووٹ دیں گے، اختلاف نظریاتی رہے گا گفتگو کا دروازہ بند نہیں کیا، صدر کے ووٹ کے معاملے پر جب کوئی بات کرے گا تو دیکھ لیں گے۔
اس موقع پر ن لیگ کے رہنما رانا تنویر کا کہنا تھا کہ کل صبح وزیر اعظم کا الیکشن ہے، ہم وزیراعظم کےلیے ووٹ مانگنے ایم کیو ایم پاکستان کے پاس آئے تھے۔
رانا تنویر نے کہا کہ شہباز شریف کی طبعیت خراب تھی، ورنہ وہ خود ایم کیو ایم کے پاس ووٹ کے لیے آتے۔
ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ہمارا ایم کیو ایم پاکستان کے ساتھ معاہدہ ہوا ہے، بلدیاتی انتخابات کےلیے آئین سازی کا معاہدہ ہوا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان وزیر اعظم کےلیے ہمیں ووٹ دے گی۔
واضح رہے کہ وزیراعظم کے انتخاب کےلیے قومی اسمبلی کا اجلاس کل ہوگا۔