مسلم لیگ (ن) کی سیکریٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے عمرایوب کے اعتراض کے بعد شہباز شریف کو وزیراعظم بننے کی پیشگی مبارک باد دے دی۔
ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے عمر ایوب کے شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ الیکشن سے پہلے شکست کا خوف بول رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمر ایوب کے بیان کے بعد شہباز شریف کو وزیراعظم بننے پر پیشگی مبارک باد دیتے ہیں۔
ن لیگی ترجمان نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا کا رزلٹ حلال اور دیگر صوبوں کا حرام، یہ ڈراما نہیں چلے گا، روئیں نہیں مقابلہ کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ڈیفالٹ کرانے والوں کا ڈیفالٹ سے بچانے والوں سے مقابلہ ہے، 9 مئی کرنےوالوں کا28 مئی والوں سےمقابلہ ہے۔
مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ افسوس سڑکوں کی بدتمیزی پارلیمان میں آگئی ہے، اِس بد تہذیبی اور بد تمیزی کا جواب عوامی خدمت سے دیں گے۔