صدارتی انتخابات کے لیے امیدواروں کے کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال جاری ہے۔
صدارتی امیدوار سابق صدر آصف علی زرداری اور بزرگ سیاستداں محمود خان اچکزئی کے کاغذاتِ نامزدگی منظور کر لیے گئے۔
پیپلز پارٹی رہنما فاروق ایچ نائیک نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے آصف علی زرداری کے کاغذاتِ نامزدگی پر کوئی اعتراض نہیں کیا گیا۔
سنی اتحاد کونسل کے صدارتی امیدوار محمود خان اچکزئی کاغذاتِ نامزدگی کے سلسلے میں الیکشن کمیشن پہنچے تھے۔
محمود خان اچکزئی کے ہمراہ ملک عامر ڈوگر، شیخ وقاص اکرم اور دیگر بھی تھے۔
اس موقع پر علی محمد خان نے کہا کہ کاغذاتِ نامزدگی پر اعتراضات لگتے رہتے ہیں، 1500 سال میں کسی کو پہلی بار نکاح پر سزا ملی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی نے جیل سے سیاسی استحکام کا میسج دیا ہے۔
علی محمد خان نے کہا کہ قوم اپنی فوج کے ساتھ کھڑی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ ملک کو آئین کے مطابق چلائیں۔
انہوں نے کہا کہ کل رات محمود خان اچکزئی کے گھر پر چھاپہ مارا گیا، اس چھاپے کی مذمت کرتے ہیں۔
علی محمد خان نے یہ بھی کہا کہ اگر ہم دائروں میں سفر کریں گے تو لڑتے رہیں گے، 25 کروڑ افراد رلتے رہیں گے۔