• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاوجہ صدارتی انتخاب کو متنازع بنایا جا رہا ہے: بلاول بھٹو زرداری


چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ بلا وجہ صدارتی انتخاب کو متنازع بنایا جارہا ہے، محمود خان اچکزئی کے گھر پر چھاپے کی مذمت کرتا ہوں، محمود خان اچکزئی صدارت کے امیدوار ہیں، وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سے اپیل کروں گا کہ وہ ایکشن لیں۔

قومی اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس واقعے کی وجہ سے بلا وجہ صدارتی الیکشن کو متنازع بنایا جا رہا ہے، محمود خان اچکزئی شاید کچھ تقریر کرنا چاہ رہے ہیں، انہیں مائیک دیا جائے، آج صبح پتہ چلا کہ اچکزئی صاحب کے گھر کوئی چھاپہ پڑا ہے، اس کی مذمت کرتا ہوں۔

اسپیکر ایاز صادق نے کہا کہ مجھے اس معاملے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

اس موقع پر محمود خان اچکزئی نے کہا کہ نہ میں نے کوئی جذباتی تقریر کرنی ہے، نہ کسی کو بے عزت کرنا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نےکہا کہ انگریزی کی کہاوت ہے کہ تاریخ اپنا آپ دہراتی ہے، میں اپنے خاندان کی تیسری نسل کا نمائندہ ہوں جو ایوان میں ہے، اس ایوان کا سنگِ بنیاد میرے نانا نے رکھا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ایسے فیصلے لینا ہوں گے جس سے یہ ایوان مضبوط اور ملک کا مستقبل روشن ہو، یہاں ایسے لوگ بھی ہیں جو چھ چھ بار اس ایوان کے ممبر بنے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نےکہا کہ کل بہت افسوس ہوا جب وزیرِ اعظم اور قائدِ حزبِ اختلاف کی تقاریر کے دوران احتجاج ہوا،تقاریر کے دوران احتجاج کے نام پر ایک دوسرے کو گالیاں دی جا رہی تھیں۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے عوام یہ سب دیکھ کر بہت مایوس ہو رہے ہوں گے، لوگوں نے ووٹ اس لیے دیے کہ انہیں مہنگائی اور مشکلات سے نکالا جائے، وزیرِ اعظم نے اپنے خطاب میں اپنے مستقبل کے منصوبوں پر بات کی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ قائدِ حزبِ اختلاف کہہ رہے ہیں کہ ان کی تقریر پی ٹی وی پر نہیں دکھائی گئی، یہ روایت خان صاحب نے ڈالی تھی، ہمیں یہ برقرار نہیں رکھنی چاہیے تاکہ جب اگلے ممبرز آئیں تو وہ ہمیں دعائیں دیں نہ کہ گالیاں دیں۔

اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے الیکشن کے دوران پیپلز پارٹی کے شہید ہونے والے کارکنان کے نام بتائے اور کہا کہ پاکستان میں الیکشن ایسے ہوتے ہیں کہ ہمارے کارکنان کو شہید کیا جاتا ہے، اس طرح کے واقعات کی ایک بار پھر مذمت کرتا ہوں۔

ان کا کہنا ہے کہ ہمیں ایسا نظام بنانا چاہیے کہ الیکشن کی وجہ سے ہمارے کارکن کو جان نہ دینا پڑے، وزیرِ اعظم شہباز شریف اور قائدِ حزبِ اختلاف عمر ایوب کو مبارکباد دیتا ہوں، وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور، وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کو منتخب ہونے پر مبارکباد دیتا ہوں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر ہمارے ساتھی کل احتجاج نہ کر رہے ہوتے تو وزیرِاعظم کی تقریر سنتے، وزیرِ اعظم نے جونکات اٹھائے اگر ان پر عمل ہو تو ہم بحران کچھ حد تک حل کر سکتے ہیں، اپوزیشن کے دوستوں سے اپیل کرتے ہیں کہ اس پراسس میں حصہ لیں ، چارٹر آف اکانومی کی بات کی گئی، یہ بھی بہت ضروری ہے، پاکستان کے عوام نے ایسا فیصلہ سنایا کہ آپ کو مجبوراً مل کر فیصلے کرنا پڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام پیغام بھیج رہے ہیں کہ ہمارے لڑائیوں سے وہ تھک چکے ہیں، عوام چاہتے تو وہ کسی ایک جماعت کو اکثریت دلوا سکتے تھے، ہم ایوان میں کسی فارم 45 یا 47 کی وجہ سے نہیں آئے، بلوچستان میں ہمارے امیدواروں پر مہم کے دوران گرینیڈ کے حملے ہوئے، ہم سب کو چاہیے کہ ہم قومی مفاہمت پر کام کریں، جب کرکٹ کھیلتے ہیں تو رولز کے تحت کھیلتے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پاکستان کے عوام ہمیں پیغام دے رہے ہیں کہ وہ لڑائیوں سے تھک چکے ہیں، ہمیں آپس میں بات کرنی چاہیے، عوام غربت، مہنگائی،بے روزگاری کی وجہ سے تنگ آ چکے ہیں، عوام نے کسی ایک جماعت کو اکثریت نہیں دی، عوام نے اس لیے ووٹ نہیں دیا کہ یہاں آ کر گالی دیں، اگر آپ کو ووٹ دیے ہیں تو اس لیے کہ عوام کو معاشی بحران سے بچائیں، چیزوں کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے لیکن آمدنی میں اضافہ نہیں ہو رہا، ہم نے کچھ ایسے فیصلے لیے ہیں جن سے آج ہمارے عوام اور معیشت مشکل میں ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ سب آپ کو دعوت دے رہے ہیں کہ مل بیٹھ کر پاکستان کو اس مشکل سے نکالیں، آپ اس بات پر ہمارا ساتھ دیں، قائدِ حزبِ اختلاف نے کہا کہ ہمارا نظریہ اور ہے میں اس سے اختلاف کرتا ہوں، عمر ایوب صاحب کو اپنے منشور کا اتنا پتہ نہیں ہو گا جتنا مجھے پتہ ہے، آٹھ نو سال پہلے 35 سو سے 4 ہزار روپے میں 1 خاندان اشیائے خور و نوش خرید سکتا تھا، اب اشیائے خور و نوش لینےکےلیے کم سے کم 17 ہزار روپے درکار ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر وزیرِ اعظم شہباز شریف کی پالیسی پر اپنا ان پٹ دیتے ہیں تو پالیسی اچھی ہوگی، اگرآپ پالیسی پر رائے نہیں دیتے تو آپ کو ان کی پالیسی پر اعتراض کا حق نہیں ہو گا، کل وزیرِ اعظم نے ملک کی معاشی مشکلات کے بارے میں بات کی، ایک بات کی جا رہی تھی کہ این ایف سی ایوارڈ کے بعد وفاقی حکومت قرض پر چل رہی ہے، 18 ویں ترمیم کے مطابق جو وزارتیں ڈیوالو ہونی چاہئیں تھی وہ چل رہی ہیں، انہوں نے خان صاحب کو بھی یہ بتایا تھا کہ ہم دیوالیہ ہو چکے ہیں ، 18 وزارتیں ایسی ہیں جن کو 2015ء میں ختم ہو جانا چاہیے تھا۔

انہوں نے کہا کہ آج بھی حکومت بننے جارہی ہے اس میں پیپلز پارٹی نہیں ہو گی، اگر ہم اس میں آ جاتے تو 10، 15 وزارتیں ہم بھی لے لیتے، شہباز شریف صاحب انقلابی قدم اٹھا سکتے ہیں، خوشی ہوئی کل وزیرِ اعظم نے کہا کہ جو سبسڈی کھاد والوں کوجاتی ہے وہ براہِ راست کسان کو دیں گے، سالانہ 1 ہزار ارب روپے کی سبسڈی اشرافیہ کو دی جاتی ہے، وزارتیں بند، سبسڈی بند کرتے ہیں تو معاشی بحران کا مقابلہ کرنے کے لیے اسپیس ہو گا۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ اگر آپ کے پاس فسکل اسپیس ہو گا تو آپ عوام کو ریلیف دے سکیں گے، یہ نکات میری جماعت کے ہیں، سنی اتحاد کونسل اور دیگر جماعتوں کے نکات بھی ہوں گے، عوام ہم سے امید رکھتے ہیں کہ ہم ان مسائل کا حل نکالیں، جب ہم شکایتیں کرتے تھے تو آپ طنز کرتے تھے، ہم آپ کی شکایتوں کا مذاق نہیں اڑائیں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ میں اس ہاؤس میں 2 الیکشن لڑ کر آیا ہوں، اُس وقت اسد قیصر صاحب اسپیکر تھے، میں آج تک اپنے فارم 45 کے انتظار میں ہوں، میں نے پچھلی اسمبلی میں یہی تقریر کی کہ میں اب تک اپنے فارم 45 کے انتظار میں ہوں، ہم اس پر دھرنا دھرنا کھیل سکتے تھے، ملک کے لیے عدالتی اصلاحات اور انتخابی اصلاحات کرنا ہوں گی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ اپوزیشن سے کہوں گا کہ وہ بھی ان اصلاحات کے عمل میں حصہ لیں، آپ جانتے ہوں گے کہ الیکشن لڑنا کتنا مشکل ہوتا ہے، اگلی بار شہباز شریف الیکشن جیتیں یا قیدی نمبر 804، کوئی انگلی نہ اٹھا سکے، ہر دن ایک جنگ ہوتی ہے اور سب سے بڑی جنگ الیکشن ڈے پر ہوتی ہے، تیسرے الیکشن میں امید کرتا ہوں کہ یہ شور نہیں ہو گا، الیکشن میں جو بے قاعدگیاں ہیں انہیں ٹھیک کرنا ہے تو پیپلز پارٹی سے جو ہو سکا کرے گی، چاہتا ہوں کہ اگلی بار انتخاب لڑ کر آؤں تو اس طرح کا احتجاج نہ ہو۔

قومی خبریں سے مزید