• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریک انصاف کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے مخصوص نشستوں سے متعلق الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کا فیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔

پی ٹی آئی سینیٹر بیرسٹر علی ظفر نے ای سی پی کے فیصلے کے بعد سینیٹ میں اظہار خیال کیا اور کہا کہ غیر آئینی فیصلے پر الیکشن کمیشن پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ہمیں آئینی حق سے محروم کیا ہے، ہماری اپیلوں پر فیصلہ ہونے تک صدارتی اور سینیٹ الیکشن ملتوی کیا جائے۔

پی ٹی آئی سینیٹر نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ غیرآئینی ہے، پورا الیکشن کمیشن غیرآئینی فیصلہ دینے پر مستعفی ہو۔

اُن کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے ہمیں مخصوص نشستوں کے حق سے محروم کیا ہے، فیصلے کا صدارتی الیکشن اور سینیٹ الیکشن میں ہمیں نقصان ہوگا۔

بیرسٹر علی ظفر نے یہ بھی کہا کہ اتنا غیرآئینی اور جمہوریت دشمن فیصلہ دینے کے بعد الیکشن کمیشن کو ایک منٹ بھی نہیں رہنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستیں سنی اتحاد کو نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے، یہ نہیں ہوسکتا کہ نامکمل ایوان صدر کے الیکشن میں ووٹنگ کرے۔

پی ٹی آئی سینیٹر کا کہنا تھا کہ سنی اتحاد کونسل کی سیٹوں پر فیصلہ پہلے نہیں کیا گیا، سنی اتحاد کونسل کو امیدواروں نے مخصوص نشستوں کےلیے جوائن کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ 23 مخصوص نشستیں بنتی تھیں لیکن قانون کے برعکس فیصلہ کیا گیا، چیف الیکشن کمشنر کو برطرف کیا جائے۔

قومی خبریں سے مزید