مشیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی کوششوں سے صدی پرانا کرم تنازع حل کے قریب ہے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ خیبر پختون خوا حکومت تنازع کے پائیدار اور دیرپا حل کے لیے کوشاں ہے۔
بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے کہ ایپکس کمیٹی کے فیصلے کے مطابق علاقے کو اسلحے سے پاک کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے نگراں دور میں بند کیا گیا صحت کارڈ پروگرام دوبارہ فعال کیا، صحت کارڈ پر مارچ سے دسمبر تک 7 لاکھ 89 ہزار 721 مریضوں کو مفت علاج فراہم کیا۔
مشیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا کا کہنا ہے کہ مارچ کے مہینے سے اب تک صحت کارڈ کی مد میں 20 ارب روپے خرچ کیے جا چکے ہیں، سرکاری اسپتالوں میں 5 ارب روپے کی ادویات کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔
پی ٹی آئی کے رہنما نے مزید کہا کہ میگا پروجیکٹ پشاور ہیلتھ سٹی منصوبہ متعارف کیا گیا ہے، صوبے میں لائف انشورنس پروگرام شروع کیا گیا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ 60 سال سے کم عمر میں وفات پانے والے لواحقین کو 10 لاکھ روپے جبکہ 60 سال سے زیادہ عمر میں وفات پانے والے کے لواحقین کو 5 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔