اٹلی میں پاکستانی باکسر زویب رشید پر الزام ہے کہ وہ ساتھی خاتون باکسر کے بیگ سے پیسے چوری کرکے فرار ہوگئے۔ پاکستان باکسنگ فیڈریشن نے واقعے کی اٹلی پولیس کو رپورٹ کردی۔
گزشتہ برس ایشین چیمپئن شپ میں کانسی کا تمغہ جیتنے والے باکسر زوہیب رشید اٹلی میں لاپتہ ہوگئے۔
پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سیکریٹری کرنل ناصر نے جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے زوہیب رشید پر الزام عائد کیا کہ وہ اپنی ساتھی خاتون باکسر لورا اکرم کے بیگ سے ڈھائی سو پاؤنڈ لیکر فرار ہوگئے۔
کرنل ناصر نے مزید کہا کہ خاتون باکسر ٹریننگ کےلیے باہر تھیں، زوہیب نے ہوٹل سے کمرے کی چابی لی اور ان کے بیگ سے پیسے نکال کر فرار ہوگئے جس کی رپورٹ مقامی پولیس اسٹیشین میں کردی گئی ہے۔
زوہیب رشید اولمپکس کوالفائنگ راؤنڈ کھیلنے کے لیے پانچ رکنی باکسنگ ٹیم کے ہمراہ اٹلی گئے تھے۔
کرنل ناصر نے کہا کہ زوہیب کسی سے رابطے میں نہیں، وہ اپنی فائٹ کے لیے بھی نہ پہنچے اور مخالف باکسر کو واک اوور مل گیا۔