ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) الیکشن کمیشن شمشاد خان خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شہید ہوگئے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ شمشاد خان ٹانک میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے شہید ہوئے، وہ نہایت دیانت دار، شریف النفس اور فرض شناس افسر تھے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ضلع ٹانک میں دہشت گردی کے واقعے میں شہید ہونے والے شمشاد خان کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ شمشاد خان کی ذاتی دشمنی نہیں تھی، واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا شاخسانہ ہے۔
چیف الیکشن کمشنر، الیکشن کمیشن کے ارکان، سیکریٹری الیکشن کمیشن اور تمام ملازمین نے اس المناک سانحے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے شہید کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں الیکشن کمیشن سوگوار خاندان کے ساتھ کھڑا ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ سرکاری ملازمین کو دہشت گردی کے واقعات سے تحفظ فراہم کیا جائے۔