وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ گوادر متاثرین کی مدد کے لیے آیا ہوں، بارش سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر گوادر پہنچے جہاں وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور دیگر شخصیات نےان کا استقبال کیا۔
وزیرِ اعظم شہبازشریف نے حکام و انتظامیہ کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور سیٹلائٹ کے ذریعے قدرتی آفات کے وقت سے پہلے تعین کے لیے نظام وضع کیا جائے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ متاثرہ مواصلاتی ڈھانچے کی بحالی، نجی املاک کے نقصانات کے تفصیلی جائزے پر رپورٹ پیش کی جائے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ بارشوں کے متاثرین کی مدد و و بحالی کے لیے ایک جامع پلان مرتب کر کے پیش کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ 26 فروری کو طوفانی بارش نے گوادرسمیت بلوچستان کے دیگر حصوں میں تباہی مچائی، بلوچستان میں بارشوں کے باعث حادثات میں 5 افراد جاں بحق ہوئے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ یہ امداد متاثرین کے لیے احسان نہیں، مصیبت کے وقت اپنے بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے، وزیرِ اعلیٰ کی سربراہی میں تمام نقصانات کی ضابطے اور قانون کے تحت ادائیگی کی جائے گی۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ جن کے گھر مکمل تباہ ہوئے انہیں 7 لاکھ 50 ہزار روپے دیے جائیں گے، 4 دنوں میں متاثرین کو رقوم فراہم کی جائیں گی، جن کے گھر کوجزوی نقصان پہنچا ان کو ساڑھے 3 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ بارشوں سے جاں بحق افراد کے لواحقین کو 20 لاکھ روپے فی کس دیے جائیں گے، زخمیوں کو 5 لاکھ روپے فی کس دیے جائیں گے۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے امدادی کیمپ میں متاثرہ خاندانوں میں امدادی اشیاء تقسیم کیں۔
گوادر کے متاثرینِ بارش و سیلاب سے ملاقات کے دوران وزیرِ اعظم شہبازشریف نے کہا کہ متاثرین کے ریسکیو اور مدد میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔
ان کا کہنا ہے کہ 26 فروری کو طوفانی بارش نے گوادر سمیت بلوچستان کے دیگر حصوں میں تباہی مچائی، یہ امداد متاثرین کے لیے احسان نہیں، مصیبت کے وقت اپنے بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ 2022ء میں پورا بلوچستان موسمیاتی تبدیلی کے باعث تباہی کا شکار ہوا تھا، ہم نے متاثرین تک امدادی اشیاء پہنچائی ہیں، پورے پاکستان میں بارشوں اور طوفان سے 44 افراد جاں بحق اور 46 زخمی ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ گوادر کے لوگوں کے جو نقصانات ہوئے ہیں، قانون کے تحت ادائیگی کی جائے گی، جن کے گھرمکمل تباہ ہوئے 7 لاکھ 50 ہزار روپے دیے جائیں گے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ 4 دن میں متاثرین کو رقوم فراہم کی جائیں گی، جن کے گھر کو جزوی نقصان پہنچا ان کو ساڑھے 3 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ بارش سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا، حکومتِ بلوچستان نے یہاں خوراک کا بندوست کیا ہے، بارشوں سے 83 کشتیاں تباہ ہوئیں جس سے 40 کروڑ روپےکا نقصان ہوا، وزیرِ اعلیٰ بلوچستان نے کہا ہے کہ جن کی کشتیاں تباہ ہوئیں انہیں 40 کروڑ روپے فی الفور دیے جائیں گے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کو دورۂ گوادر کے موقع پر چیئرمین این ڈی ایم اے نے بریفنگ دی۔
انہیں بریفنگ میں بتایا گیا کہ طوفانی بارشوں سے سڑکوں اور گھروں کو نقصان پہنچا ہے، سڑکوں کی بحالی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ بارشوں سے 12 مقامات پر مواصلاتی نظام منقطع ہوا،بارش میں متعدد خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
وزیرِ اعظم کو ملک کے دیگر علاقوں میں نقصانات اور متاثرین کی مدد کے لیے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے گوادر میں بارشوں سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ بھی لیا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کل بروز بدھ کراچی کا دورہ کریں گے، وہ مزارِ قائد پر حاضری دیں گے۔
جمعرات کو وفاقی کابینہ کی تشکیل کو حتمی شکل دی جائے گی۔