امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ عوام جن لوگوں سے نجات چاہتے ہیں، وہی مسلط کردیے گئے۔
منصورہ لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ان انتخابات میں ہارنے والوں سے زیادہ جیتنے والے حیران ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جن لوگوں سے عوام نجات چاہتی تھی، وہی لوگ ملک پر دوبارہ مسلط کردیے گئے ہیں۔
سراج الحق نے مزید کہا کہ مصنوعی اسمبلیوں کے کئی ممبران نے دنیا کے سامنے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے 50 کروڑ سے ایک ارب روپے تک میں کامیابی کا نوٹیفکیشن خریدا۔
ان کا کہنا تھا کہ فارم 47 سے جو مصنوعی اسمبلیاں بنائی گئی ہیں، وہ زیادہ دیر تک نہیں چلیں گی۔
امیر جماعت اسلامی نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم نے منتخب ہونے کے بعد غزہ پر ایک لفظ نہیں بولا، ہم اسرائیلی دہشت گردی پر خاموش نہیں بیٹھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے تمام اسلامی ممالک اور سفارت خانوں سے رابطوں کا فیصلہ کیا ہے، غزہ پر مظالم موجودہ دور کا کربلا ہے۔
سراج الحق نے اسرائیلی دہشت گردی کے خلاف 10 مارچ کو اسلام آباد میں آب پارہ سے امریکی سفارت خانے تک مارچ کرنے کا اعلان کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ 8 مارچ خواتین کے عالمی دن پر وہ اپیل کریں گے کہ عورت مارچ میں حصہ لینے والی خواتین غزہ اور فلسطین کے نام پر مارچ کریں۔