اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی و سابق وزیرِ اعظم، رہنما پیپلز پارٹی راجہ پرویز اشرف کے خلاف رینٹل پاور پروجیکٹ ریفرنسز کی سماعت کرتے ہوئے دلائل طلب کر لیے۔
دورانِ سماعت راجہ پرویز اشرف کے وکیل ارشد تبریز احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔
احتساب عدالت نے راجہ پرویز اشرف کے خلاف ریفرنس میں 29 اپریل کو دلائل طلب کر لیے۔
پراسیکیوٹر خواجہ منظور نے کہا کہ ایک ریفرنس پر ابھی تک چارج فریم نہیں ہو سکا، ایک ریفرنس میں چارج فریم ہو چکا ہے، کیس شواہد کی حد تک پہنچ گیا ہے، رینٹل پاور پروجیکٹ کے ایک ریفرنس میں ابھی تک 4 گواہان کے بیانات قلم بند ہوئے ہیں۔
احتساب عدالت نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر گواہان کو عدالت بلائیں، جن گواہان کے بیانات قلم بند ہو چکے ہیں ان پر جرح کریں۔
عدالت نے کیس کی سماعت 29 اپریل تک ملتوی کر دی۔