• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر:رمضان میں یومیہ تقریباً7ہزار کلو مرغی کے گوشت کا استعمال

سکھر(بیورو رپورٹ)رمضان المبارک میں سکھر شہر میں مرغی کی مانگ میں بھی اضافہ ہوگیا، شہری روزانہ تقریبًا7 ہزار کلو مرغی کا گوشت کا استعمال کررہے ہیں جس کی مالیت تقریبًا15 لاکھ روپے سے زائد بتائی جاتی ہے۔سکھر شہر میں مرغی مارکیٹ کے علاوہ مختلف علاقوں میں اس کی دکانیں قائم ہیں، ان علاقوں میں ڈھک روڈ، جناح چوک، میانی روڈ، نصرت کالونی نمبر 4، گھنٹہ گھر چوک ،بیراج روڈ، والس روڈ، پرانا سکھر، نیوپنڈ، نواں گوٹھ، ملٹری روڈ، آدم شاہ کالونی سمیت دیگر علاقوں میں مرغی کے دکاندار موجود ہیں جو زندہ مرغی اور مرغی کے گوشت کا کاروبار کرتے ہیں، مرغی کے گوشت کی مانگ عام دنوں میں بہت زیادہ ہوتی ہے لیکن بکرے، گائیں کے گوشت کی قیمت کے مقابلے میں مرغی کے گوشت کی قیمت کم ہونے کے باعث رمضان المبارک میں عام لوگ اس کا استعمال زیادہ کرتے ہیں۔ شہر سمیت گردونواح کے علاقوں میں زندہ مرغی فی کلو 140روپے جبکہ مرغی کا گوشت فی کلو210روپے سے 220روپے فروخت کیا جارہا ہے جبکہ گائے کا گوشت400روپے اور بکرے کا گوشت600روپے فی کلو فروخت ہورہا ہے یہی وجہ ہے کہ مرغی کا گوشت کم قیمت ہونے کے باعث لوگ مرغی کے گوشت کا استعمال کررہے ہیں، مرغی کا کام کرنیوالے تاجر کے مطابق رمضان المبارک میں ہوٹلز بند ہونے اور ہوٹلز میں مرغی کے کم استعمال کے باعث رمضان المبارک میں مرغی کے گوشت کی فروخت عام دنوں کے مقابلے میں کم ہوتی ہے لیکن مرغی کا گوشت سستا ہونے کے باعث عام خریدار رمضان المبارک میں اس کا زیادہ استعمال کرتے ہیں ۔ سکھر انڈسٹریز گولیمار ایسوسی ایشن کے صدر ملک محمد جاوید کے مطابق گائے اور بکرے کے گوشت کی قیمتیں آ سمان سے باتیں کررہی ہیں اور نہ ہی گائے اور گوشت کی قیمتوں پر کنٹرول کرنے کے لئے انتظامیہ کی جانب سے کوئی خاطر خواہ اقدامات دکھائی دیتے ہیں کیونکہ جو ریٹ لسٹ انتظامیہ کی جانب سے لگائی جاتی ہے اس پر قصاب کسی بھی صورت گوشت دینے کو تیار نہیں ہوتے، اگر اس لسٹ کے مطابق گوشت خریدار جائے تو قصاب کی جانب سے ایک ہی جواب ہوتا ہے کہ اس لسٹ کے مطابق گوشت ہماری مرضی کا ہوگا اگر گوشت آپ نے اپنی مرضی کا لینا ہے تو پیسے ہماری مرضی کے ہوں گے، یہی وجہ ہے کہ گائے اور بکرے کے گوشت کے قصاب اپنی من مانیاں کررہے ہیں جبکہ مرغی کا گوشت ایک ایسا گوشت ہے جوکہ ایک ہی جیسا ہوتا ہے اور اس میں لوگوں کو خریداری میں کوئی مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔سکھر شہر میں مرغی کے گوشت کی فروخت پانچ ہزار کلو سے کہیں زیادہ ہے کیونکہ پانچ ہزار کلو گوشت تو سکھر شہر میں ہی استعمال ہوجاتا ہے جبکہ گردونواح کے علاقوں سے بھی بڑی تعداد میں لوگ مرغی کا گوشت لے کر اپنے علاقوں کو جاتے ہیں، اس طرح ایک محتاط اندازے کے مطابق رمضان المبارک میں مرغی کے گوشت کی فروخت 8سے10ہزار کلو روزانہ ہے۔
تازہ ترین