اسلام آباد (حامد میر) چین کے شہر بیجنگ میں شنگھائی تعاون تنظیم کے قومی سلامتی کے مشیروں کے اجلاس میں بھارت اور پاکستان آمنے سامنے آ گئے۔ اجلاس میں بھارت کے اجیت ڈوول کو پاکستان کے قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک نے لاجواب کر دیا۔ عاصم ملک کے ہاتھوں ناک آؤٹ ہونے کے بعد اجیت ڈوول خاموش ہو گئے۔ معلوم ہوا ہے کہ اس اجلاس میں اجیت ڈوول نے اپنی تقریر میں آپریشن سندور کو دہشت گردوں کیخلاف کارروائی قرار دیا اور بغیر کسی ثبوت کے پاکستان کیخلاف الزامات لگائے لیکن پاکستان کے قومی سلامتی کے مشیر عاصم ملک نے اپنی مدلل اور زوردار تقریر میں اجیت ڈوول کے بیانیے کو جھوٹ کا پلندا قرار دیکر مسترد کر دیا۔ انہوں نے اجلاس میں اجیت ڈوول کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کہا کہ بھارت اپنے اندرونی مسائل اور ناکامیوں کی ذمہ داری دوسروں پر ڈالنے کا عادی ہو چکا ہے۔ عاصم ملک نے کہا کہ بھارتی ریاست کے بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے دہشت گردوں کے ساتھ روابط کے ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں۔