• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران، امریکی پابندیوں میں نرمی کا عندیہ، تہران تعمیر نو کیلئے تیل برآمد کرسکے گا، آئندہ ہفتے مذاکرات شروع ہوسکتے ہیں، ٹرمپ

دی ہیگ،کراچی (اے ایف پی، نیوز ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر امریکی پابندیوں میں نرمی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ تہران تعمیر نو کیلئے تیل برآمد کرسکے گا،انہوں نے کہا کہ آئندہ ہفتے ایران کیساتھ مذاکرات شروع ہوسکتے ہیں، ایران کے جوہری پروگرام پر ممکنہ معاہدہ زیرِ غور ہے،جلد روس اور یوکرین تنازع بھی حل کرادوں گا، ایران اور اسرائیل کےدرمیان مزید لڑائی کا امکان نہیں ، دونوں جنگ سے تھک چکے تھے، دی ہیگ میں نیٹو سربراہان کے اجلاس سے خطاب کرتے ٹرمپ نے کہا کہ غزہ پر بھی بڑی پیش رفت ہورہی ہے ،حماس نے بھی جنگ بندی کے معاملے پر پیش رفت کی تصدیق کردی ہے،حماس کے عہدیدار طاہر النونو نے اے ایف پی کو بتایا کہ ہمارے برادر ثالث ممالک مصر اور قطر کے ساتھ ہماری بات چیت بند نہیں ہوئی بلکہ حالیہ گھنٹوں میں مزید تیز ہو گئی ہے۔ تاہم، انہوں نے خبردار کیا کہ گروپ کو جنگ کے خاتمے کے لئےابھی تک کوئی نئی تجاویز موصول نہیں ہوئی ہیں۔ ایرانی پارلیمنٹ نے IAEA عالمی جوہری نگرانی کے ادارے کیساتھ ایٹمی عدم تعاون کے بل کی منظوری دے دی ہے،یہ فیصلہ 12 روزہ جنگ کے بعد سامنے آیا ہے۔ روس کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی بمباری کا رد عمل ہے ۔ اقوام متحدہ کے جوہری نگران ادارے انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے سربراہ نے کہا ہے کہ ایران کا جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے (این پی ٹی) سے دستبردار ہونا انتہائی افسوسناک ہوگا، یہ ایران کی تنہائی کا باعث بن سکتا ہے اور این پی ٹی کے ڈھانچے میں ایک سنگین دراڑ پیدا کر سکتا ہے۔

اہم خبریں سے مزید