پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے آصف علی زرداری کو بھاری اکثریت سے صدر مملکت منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔
ایک بیان میں نثار کھوڑو نے کہا کہ آصف علی زرداری کی کامیابی سے ملک جمہوری، معاشی اور سیاسی طور پر مضبوط ہوگا۔ 18ویں ترمیم برقرار رہے گی، صوبائی خودمختاری اس وقت نامکمل ہے جس پر مکمل طور پر عملدرآمد کرایا جائے گا۔
نثار کھوڑو نے کہا کہ صوبائی خودمختاری کی جن شقوں پر عمل نہیں ہوا ان شقوں پر عملدرآمد کے لئے کردار ادا کریں گے، نئے قومی مالیاتی ایوارڈ کا اجراء کرکے صوبوں کو معاشی طور پر مضبوط کیا جائے گا۔ قومی مالیاتی ایوارڈ جو ہر پانچ سال میں ملنا چاہئے ابھی تک نہیں دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کے صدر مملکت بننے سے نئے این ایف سی ایوارڈ کے اجراء کا راستہ ہموار ہوگا۔ نیا این ایف سی ایوارڈ جاری کرکے صوبوں کا حصہ 57 فیصد سے مزید بڑھایا جائے۔
نثار کھوڑو نے کہا کہ آئینی طور پر این ایف سی میں صوبوں کا حصہ بڑھایا تو جا سکتا ہے کم نہیں کیا جاسکتا۔ مضبوط صوبے مضبوط وفاق کی علامت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کنکرنٹ لسٹ کے خاتمے کے بعد جو وفاقی وزارتیں صوبوں کے حوالے کی جانی تھی ان کو صوبوں کے حوالے کیا جائے۔ کنکرنٹ لسٹ کے خاتمے کے بعد ان وفاقی وزارتوں کے اخراجات صوبوں کو منتقل ہونے سے صوبے معاشی طور پر مضبوط ہوں گے۔
نثار کھوڑو نے کہا کہ آصف علی زرداری کے صدر مملکت کے منصب پر فائز ہونے سے ملک میں جمہوریت کا تسلسل جاری رہے گا اور پارلیمنٹ اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔