امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم اور کابینہ جعلی الیکشن کی بنیاد پر عہدوں میں قابض ہیں۔
لاہور سے جاری بیان میں سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی طے شدہ پالیسی کے مطابق صدارتی انتخاب کاحصہ نہیں بنی۔
انہوں نے کہا کہ جعلی اسمبلیوں میں ہونے والا صدارتی انتخاب بھی ناجائز اور غیرجمہوری ہے، مینڈیٹ چوری کے نتیجے میں آنے والی حکومتیں عوامی مسائل حل نہیں کر سکتیں۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی قومی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی، نوجوان معاشرے کی تقسیم اور زہریلی پولرائزیشن کے خاتمے کے لیے مثبت کردار ادا کریں۔
اُن کا کہنا تھا کہ نوجوان ذہین مگر وسائل نہ ہونے کے باعث بیرون ملک جانے پر مجبور ہیں، پاکستان کو آگے لے جانے کا واحد راستہ تعلیم کو فروغ دینا ہے۔
سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ قومیں وہی ترقی کرتی ہیں جو اپنی نسلوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرتی ہیں، ہمیں موقع ملا تو تعلیم کے لیے جی ڈی پی کا 5 فیصد مختص کریں گے۔