• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور زلمی نے دلچسپ مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو شکست دیدی

بشکریہ سوشل میڈیا
بشکریہ سوشل میڈیا

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 9 کے 29 ویں میچ میں پشاور زلمی نے دلچسپ مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو اس کے آخری میچ میں 2 رنز سے شکست دے دی۔

کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ایرینا میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں کراچی کنگز کو جیت کے لیے 148 رنز کا ہدف دیا۔

ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنا سکی۔

کراچی کنگز کی جانب سے ٹم سائفرٹ41 اور عرفان خان 39 رنز بناکر نمایاں رہے، جبکہ کپتان شان مسعود بغیر کوئی رن بنائے صائم ایوب کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔

کراچی کنگز کے سینئر کھلاڑی شعیب ملک 22، جیمز ونس21، انور علی 14 اور کیرون پولارڈ ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے۔

پشاور زلمی کے نوین الحق نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، لیوک ووڈ، عامر جمال اور صائم ایوب نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پشاور زلمی کی جانب سے کپتان بابر اعظم نے ایک مرتبہ پھر نصف سنچری بنائی۔ انہوں نے 51 رنز کی محتاط اننگز کھیلی۔

روومین پاول نے 30، صائم ایوب نے 19 اور محمد حارث نے 13 رنز بنائے۔ حسیب اللّٰہ ایک، ٹام کوہلر کیڈمور 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ عامر جمال 8 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے۔

پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے۔

شاندار اننگ کھیلنے پر پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

کراچی کنگز نے ایونٹ میں اپنا آخری میچ کھیلا، وہ پہلے ہی پلے آف مرحلے سے باہر ہوچکی ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید