برطانوی شاہی خاندان کی رکن، ویلز کی شہزادی کیٹ مڈلٹن کی جانب سے پیٹ کی سرجری کے بعد اپنی پہلی سرکاری تصویر ترمیم شدہ شیئر کی گئی تھی جس کا اُنہوں نے اعتراف کر لیا ہے۔
اس واقعے کے بعد لگتا ہے شاہی خاندان نے ایک کے بعد ایک غلطی کرنے کا ریکارڈ بنانے کی ٹھان لی ہے۔
حال ہی میں برطانوی شاہی خاندان کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ نے کامن ویلتھ ڈے کے موقع پر کنگ چارلس کی پہلے سے ریکارڈ شدہ تقریر کا غلط لنک شیئر کر دیا۔
کامن ویلتھ کی ویب سائٹ پر شیئر کیا گیا بادشاہ کے خطاب کا لنک شاہی خاندان کے یوٹیوب چینل سے براہِ راست شیئر کیا جانا تھا جبکہ اس لنک کو پیلس کے ہیڈ آف ڈیجیٹل انگیجمنٹ کے ذاتی اکاؤنٹ، ایما گوڈی سے شیئر کر دیا گیا۔
بعد ازاں اس غلطی کے جَلد ہی سامنے آ جانے پر پوسٹ کو ہٹا دیا گیا ہے اور اس میں صحیح ذریعے سے لنک منسلک کر کے ری شیئر کیا گیا۔
یاد رہے کہ کنگ چارلس ویسٹ منسٹر ایبی میں کامن ویلتھ سروس سے غیر حاضر تھے کیونکہ ان کے کینسر کا علاج جاری ہے۔
کامن ویلتھ ڈے کی تقریب میں ملکہ کمیلا اور پرنس ولیم نے بادشاہ کی جانب سے شرکت کی تھی جس میں شاہی خاندان کے باقی افراد بھی شامل تھے۔
پرنس ولیم کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن بھی اس تقریب سے غیر حاضر تھیں۔