سابق وزیرِ اعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے دونوں صاحبزادے حسن نواز اور حسین نواز کے تینوں ریفرنسز میں دائمی وارنٹ منسوخ کر دیے گئے۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے حسن نواز اور حسین نواز کے خلاف فلیگ شپ، العزیزیہ، ایون فیلڈ ریفرنسز پر سماعت کی۔
سماعت کے دوران حسن نواز اور حسین نواز عدالت میں پیش ہوئے۔
احتساب عدالت نے حسین نواز اور حسن نواز کی 50-50 ہزار روپے مچلکوں کے عوض ضمانتیں منظور کیں۔
عدالت نے تینوں ریفرنسز میں حسن نواز اور حسین نواز کا اشتہاری کا اسٹیٹس ختم کر دیا۔
حسن نواز اور حسین نواز کے وکیل صفائی قاضی مصباح نے وارنٹ منسوخی کی درخواست پر دلائل دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سماعت پر ہم نے دائمی وارنٹ گرفتاری معطل کرنے کی استدعا کی تھا، احتساب عدالت نے گزشتہ سماعت پر حسن نواز اور حسین نواز کے وارنٹ معطل کر دیے تھے، ملزمان نے خود کو سرینڈر کر دیا ہے تو اب وارنٹ منسوخ کر دیے جائیں۔
جج ناصر جاوید رانا نے سوال کیا کہ کیا تینوں ریفرنسز میں حسن نواز اور حسین نواز نامزد ہیں؟
وکیل قاضی مصباح نے بتایا کہ جی تینوں ریفرنسز میں حسن نواز اور حسین نواز بطور شریکِ ملزمان نامزد ہیں، العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسز میں دیگر ملزمان بری ہو چکے ہیں، فلیگ شپ ریفرنس میں ٹرائل کورٹ نے ہی بری کر دیا تھا۔
احتساب عدالت نے حسن نواز اور حسین نواز کو عدالت میں حاضری لگانے کی ہدایت کرتے ہوئے سوال کیا کہ کب تک پاکستان میں ہیں؟ جانا تو نہیں باہر؟
وکیل صفائی قاضی مصباح نے عدالت کو بتایا کہ ابھی تو نہیں جا رہے۔
حسن نواز اور حسین نواز کی جانب سے بریت کی درخواستیں دائر کر دی گئیں۔
جس پر احتساب عدالت نے کہا کہ آج نوٹس کر دیتے ہیں آپ کو۔
وکیل صفائی قاضی مصباح نے استدعا کرتے ہوئے کہا کہ کل کی تاریخ دے دیں۔
احتساب عدالت نے کل کے لیے نیب کو درخواست بریت پر نوٹس جاری کر دیا۔
حسن نواز اور حسین نواز کی جانب سے پلیڈر کے لیے درخواست بھی دائر کی گئی، دونو کی جانب سے رانا عرفان پلیڈر مقرر کر دیے گئے۔
وکیل صفائی قاضی مصباح نے کہا کہ سیکیورٹی کے باعث پلیڈر کی درخواست دائر کر رہے ہیں۔
احتساب عدالت نے حسن نواز اور حسین نواز کےخلاف کیس پر سماعت کل تک ملتوی کر دی۔
اس سے قبل وکیل قاضی مصباح احتساب عدالت میں پیش ہو کر بتایا تھا کہ حسن نواز اور حسین نواز 12 بجے تک احتساب عدالت میں پیش ہوں گے۔
وکیل قاضی مصباح نے احتساب عدالت کے عملے کو حسن نواز اور حسین نواز کی پیشی سے آگاہ کیا تھا۔
وکیل قاضی مصباح نے عدالتی عملے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں نے دیگر عدالتوں میں پیش ہونا ہے، دیگر عدالتوں سے فارغ ہو کر احتساب عدالت پیش ہوں گا۔