پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شیر افضل مروت نے بتایا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ آئی جی خیبر پختونخوا کو فی الفور ہٹایا جائے۔
اڈیالہ جیل کے باہر پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ کے پی میں افسران نے پی ٹی آئی کے ورکرز پر قیامت صغریٰ برپا کی، ڈی پی اوز نے ہمارے ورکرز کو اغواء برائے تاوان کرکے کروڑوں روپے لیے۔
شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ آئی جی کو فی الفور ہٹایا جائے، آئی جی کو ہٹانے کےلیے وزیر اعلیٰ کے حوالے سے پیغام بھی دیا ہے۔ ورکرز سے زیادتی کے واقعات کو دیکھیں گے کسی کے ساتھ انتقامی کارروائی نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ جس نے ناجائز مقدمہ درج کیا یا ایم پی او کا اطلاق کیا اس کا حساب ہوگا، ناجائز مقدمہ یا ایم پی او لگانے والوں کیخلاف قانونی کارروائی کی سفارش کریں گے۔
شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ کسی افسر کے ساتھ انتقام کی پالیسی نہیں ہے لیکن مجرم ہوا تو نہیں چھوڑیں گے۔ جتنے بے بنیاد مقدمات درج ہوئے انہیں وزارت قانون میں دیکھیں گے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ظلم و جبر، قتل، بھتہ خوری، اغواء برائے تاوان کا احتساب ضرور ہوگا۔