• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مری سے تعلق رکھنے والے 2 بھائی کچے کے ڈاکوؤں سے بازیاب کروالیے گئے


مری سے تعلق رکھنے والے 2 بھائی کچے کے ڈاکوؤں سے بازیاب کروالیے گئے، سستی گاڑی لینے کشمور گئے تھے۔

ڈاکوؤں نے اغوا کرکے ورثاء سے 2 کروڑ روپے تاوان طلب کرلیا، تاوان کی رقم نہ ملنے پر دونوں بھائیوں کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جاتا رہا، سیکیورٹی ایجنسیز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں دونوں مغوی بھائیوں کو بازیاب کروایا۔

ملکہ کوہسار مری کے دو نوجوان بھائی اویس ستی اور شفقت ستی آن لائن سستی گاڑی خریدنے کشمور گئے، یہ جال بچھایا تھا کچے کے ڈاکووں نے اور دونوں بھائی اغوا کر لیے گئے۔

 گاڑی خریدنے کےلیے جو 10 لاکھ روپے ساتھ لے کر گئے تھے، وہ تو ڈاکوؤں نے لے ہی لیے مگر پھر ورثاء سے 2 کروڑ تاوان بھی مانگ لیا۔ 

اویس ستی اور شفقت ستی کو زنجیروں میں جکڑ کر 40 دن ایک جھونپڑی میں رکھا گیا، برہنہ کر کے بدترین تشدد کیا گیا اور ویڈیوز اہل خانہ کو بھیجی جاتی رہیں۔

متوسط گھرانے کے لیے 2 کروڑ روپے جمع کرنا مکن نہ تھا، چندہ اکٹھا کرنے کے لیے ضلع مری میں سوشل میڈیا، پرنٹ میڈیا پر مہم چلائی گئی، مساجد میں اعلانات بھی کیے گئے، عوام نے مدد تو کی مگر 2 کروڑ تو درکنار ایک کروڑ بھی جمع نہ ہو سکا۔

والدین تو بیٹوں کی زندگی بچنے سے مایوس ہونا شروع ہوگئے، پھر قدرت کو رحم آیا، سیکیورٹی ایجنسیز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں دونوں مغوی بھائیوں کو بازیاب کروا لیا۔

 اویس ستی اور شفقت ستی بخیر و عافیت گھر پہنچے تو اہل خانہ سمیت پورے علاقے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

قومی خبریں سے مزید