کراچی(اسٹاف رپورٹر) قیاس آرائیاں دم توڑ گئیں شین واٹسن پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ کی ریس سے باہر ہوگئے اب پاکستان کرکٹ بورڈ نیوزی لینڈ کی ہوم سیریز میں کسی ملکی کوچ کا عارضی مدت کے لئے تقرر کرے گا۔پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا سفر ختم ہونے کے ساتھ ہی آسٹریلوی شین واٹسن اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ کراچی سے علی الصباح خاموشی سےوطن واپس روانہ ہوگئے۔شین واٹسن کی منزل سڈنی ہے۔جنگ نے ہفتے کو یہ خبر بریک کی تھی کہ شین واٹسن پاکستان ٹیم کا ہیڈ کوچ بننے کے لئے آمادہ نہیں تھے کیوں کہ وہ آئندہ ماہ انڈین پر یمیئر لیگ میں کمنٹری کرکٹ کریں گے اور امریکا میں میجر لیگ کرکٹ میں سان فرانسیسکو کے ساتھ کوچنگ کریں گے۔شین واٹسن اور پاکستان کرکٹ بورٖڈ کے درمیان مذاکرات ضرور ہوئے لیکن وہ پہلے سے طے شدہ کمنٹمنٹس کی وجہ سے پاکستان ٹیم کی ذمے داریاں نبھانے کے لئے تیار نہیں تھے۔پاکستان ٹیم کے فل ٹائم کوچ کی وجہ سے انہیں فوری طور پر ذمے داریاں سنبھالنا تھیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ میڈیا نے ان کے معاوضے کی رقم کو غیر ضروری طور پر بڑھا چڑھا کر پیش کیاحالانکہ انہیں سالانہ دس لاکھ ڈالرز معاوضے کی پیشکش کی گئی تھی۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کے لیے مقامی کوچ کی خدمات حاصل کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔ عارضی مدت کے لئےصرف ایک سیریز کیلئے کسی پاکستانی کوچ کی خدمات حاصل کی جاسکتی ہیں۔پی ایس ایل میں شین واٹسن نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کوچنگ کی ان کے کئی فیصلوں خاص طور پر سابق کپتان سرفراز احمد کو ڈراپ کرنے پر تنقید ہوئی اور کوئٹہ کو پہلے ایلی مینیٹر میں اسلام آباد کے ہاتھوں شکست ہوئی۔اس کے علاوہ وہ میجر لیگ کرکٹ میں سان فرانسسکو یونیکورنز کے ساتھ ہیڈ کوچنگ کے عہدے پر بھی فائز ہیں۔اب قومی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف آئندہ پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں عبوری مدت کے لئے ملکی کوچ کے ساتھ کھیلے گی، جون میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل پاکستان کو مئی میں انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی بھی کھیلنا ہے۔اس وقت طویل مدتی بنیادوں پر ہیڈ کوچ اور دیگر اسٹاف کا تقرر کیا جائے گا۔