معروف بھارتی شاعر، اسکرین رائٹر، گیت نگار جاوید اختر نے اپنی پہلی شادی کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انکی پہلی اہلیہ ہنی ایرانی سے شادی ختم ہونے کی وجہ انکی شراب نوشی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ میں نے 20، 21 برس کی عمر سے شراب نوشی شروع کی اور 42 برس کی عمر تک پیتا رہا، میری ازدواجی زندگی اسکی وجہ سے ہی متاثر ہوئی۔
ایک حالیہ انٹرویو میں کئی بالی ووڈ فلموں میں لازوال گیتوں کے خالق 79 سالہ جاوید اختر نے کہا کہ ہماری شادی 11 برس میں ختم ہوگئی تھی، گو کہ آج ہم یونیفارم سول کوڈ کے دور میں ہیں، لیکن مسلم پرسنل لا کے تحت میں ہنی کو چار ماہ تک نان نفقہ دینے کا پابند تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ لیکن میں نے ایسا نہیں سوچا، وہ میری ذمہ داری تھی اور پھر یہ اسکی مرضی تھی کہ اسے میری سپورٹ کی ضرورت ہے یا نہیں، لیکن انھیں جب بھی میری مدد درکار یا جب وہ چاہتیں میں حاضر تھا، لیکن ایک مسئلہ یہ تھا کہ وہ بہت خود دار خاتون ہیں۔ تاہم میں انکی مدد کے لیے دستیاب رہا۔
جاوید اختر نے مزید کہا کہ جب ہماری طلاق ہوئی تو میں نے گھر سے چند کتابیں اور کپڑے اٹھائے اور نکل گیا۔ لیکن اب ہم بھی بہترین دوست ہیں اسکی وجہ یہ تعلقات اور انڈر اسٹینڈنگ ہے۔