بھارتی شہری نے گاڑی کو ہیلی کاپٹر بنانے کی کوشش کے لیے جگاڑ اپنایا تاہم پولیس درمیان میں آگئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اتر پردیش کے شہری نے اپنی گاڑی کو ہیلی کاپٹر جیسا نظر آنے کے لیے اس پر ڈھائی لاکھ روپے خرچ کیے تھے۔
بھارتی شہری نے اپنی گاڑی کے پیچھے ہیلی کاپٹر کے پچھلے حصے کی طرح کی چیز جبکہ گاڑی کے اوپر ہیلی کاپٹر میں لگا گھومنے والا روٹر ویلڈ کرا رکھا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شہری ایشور دین گاڑی کے اوپر لگا روٹر رنگ کرانے کے لیے جارہا تھا تو راستے میں ٹریفک پولیس اہلکار نے اسے روک کر جرمانہ کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایشور دین کی گاڑی کو بھی ضبط کرلیا گیا تھا تاہم جرمانے کی ادائیگی کے کچھ دیر بعد اسے واپس کردیا گیا۔
بھارتی شہری کا کہنا ہے کہ اس نے گاڑی میں یہ تبدیلی اس لیے کی تھی تاکہ شادی بیاہ کی تقریبات میں منفرد گاڑیوں کا استعمال کرنے والوں کو گاڑی کرائے پر دے سکوں جس سے کچھ اضافی پیسے کما سکوں۔
بھارتی شہری کا کہنا ہے کہ گاڑی پر ڈھائی لاکھ روپے خرچ کیے ہیں اور ایسا کرنے کے لیے میں نے دن رات کام کیا۔