شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کا مقابلہ کرنے اور انھیں کیفرکردار تک پہنچانے والے پاک فوج کے جوانوں کی شہادت اورپاکستان کی طرف سے افغان علاقے میں گھس کر وہاں چھپے ہوئے دشمن حافظ گل بہادر گروپ کے 8دہشت گرد ہلاک کرنے کے بعددشمن کی طرف سے حملوں میں شدت پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔بدھ کے روز سیکورٹی فورسز نے گوادر جی ڈی اے کمپلکس میں دہشت گردی کی کارروائی ناکام بناتے ہوئے کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) سے تعلق رکھنے والے 8دہشت گرد ہلاک کردیے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں دو سیکورٹی اہل کاروں نے جام شہادت نوش کیا۔یکے بعد دیگرے دہشت گردوں کی متذکرہ ہلاکتیں سیکورٹی اداروں کے مستعد ہونے کے ساتھ ساتھ ملک کے چپے چپے کی حفاظت اور صورتحال پر گہری نظر رکھنے کی روشن مثال ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ بلوچستان کا امن و استحکام متاثر کرنے کی ہر کوشش ناکام بنانے میں پرعزم ہیںاور ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں اسے مزید مستحکم کرتی ہیں۔گوادرپورٹ اتھارٹی کمپلکس میں ملازمین کے اہل خانہ رہائش پذیر اور سرکاری اداروں کے دفاتر بھی واقع ہیں۔گوادر پولیس حکام کے مطابق پورٹ اتھارٹی کمپلکس پر حملہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی مکمل ہوگئی ہے اور اب وہاں سرچ آپریشن کیا جارہا ہے۔دہشتگردی کی حالیہ لہر اور حملوں میں آنے والی شدت سے ملک کی سیکورٹی فورسز کا آہنی ہاتھوں سے نمٹنا اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ انکے خلاف کیا جانے والا سرچ آپریشن جلد کامیابی کےساتھ پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔افغانستان کو اپنے علاقے میں چھپے دہشت گردوں کی موجودگی کے ثبوت بھی مل چکے ہیںجس کی روشنی میں وہاں کی طالبان حکومت کو ان کیخلاف کارروائی کرنےمیں دیر نہیں کرنی چاہئے۔
اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998