لاہور( خصوصی رپورٹر، خصوصی نمائندہ ،خبرنگار، کورٹ رپورٹر،شوبز رپورٹر) جنگلات کے عالمی دن پر شجر کاری مہم ’’پلانٹ فار پاکستان‘‘ کا آغاز کر دیا گیا۔صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ نے جلو پارک میں پودا لگا یا۔ وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے لیبرٹی چوک میں موسم بہار کی شجر کاری مہم کے تحت پودا لگایا۔صوبائی وزیر خزانہ مجتبی شجاع الرحمن نے پنجاب اسمبلی میں پودا لگایا۔ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز جناح کیمپس میں وائس چانسلر پروفیسر احسن وحید راٹھور نے بید پام کا پودا لگا کرمہم کاافتتاح کیا ۔ پراسیکیوٹر جنرل پنجاب دفتر میں سید فرہاد علی شاہ نے پودا لگاکر شجرکاری مہم کا آغاز کردیا ۔ کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے کہا کہ شہری فری پلانٹ حاصل کریں ۔ محکمہ بلدیات نے بھی ”پلانٹ فار پاکستان“ مہم کا آغاز کر دیا ہے،سیکرٹری بلدیات شکیل احمد میاں نے صوبے کی تمام مقامی حکومتوں کو متعلقہ حدود میں 15 لاکھ سے زائد پودے لگانے کا ٹارگٹ دیا ہے۔