• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئی سوچتا ہے کہ مرضی کے فیصلے ہم پر مسلط کرے گا وہ بھول میں ہے، اسد قیصر



پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد قیصر کا کہنا ہے کہ کوئی سوچتا ہے کہ مرضی کے فیصلے ہم پر مسلط کرے گا وہ بھول میں ہے، وہ وقت گزر گیا جب مرضی اور طاقت سے فیصلے مسلط کیے جاتے تھے۔

اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے زیر اہتمام 23 مارچ یوم پاکستان پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ آج عملاً آئین معطل ہو چکا اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی جاری ہے، ہماری خواتین جیلوں میں ہیں اور پنجاب میں جلسے کی اجازت نہیں۔

اسد قیصر نے کہا کہ 9 مئی پر آزاد جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، تاکہ پتہ چل جائے گا کہ اسکے پیچھے کون ہے۔ 

انکا کہنا تھا کہ ہم پُرامن لوگ ہیں، لیکن یاد رکھیں جب تک مینڈیٹ واپس نہ ملا آپ کو چین سے بیٹھنے نہیں دیں گے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہمیں افسوس ہے ہماری سرحدوں پر تعلقات ٹھیک نہیں، پڑوسیوں کے ساتھ تعلقات ٹھیک نہیں افغانستان پر سفارتی کوشش کی جائے۔

اسد قیصر نے یہ بھی کہا کہ  اس ملک کو آئین کے مطابق چلائیں، بانی پاکستان کی خواہش تھی یہاں قانون کی حکمرانی ہوگی۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ "جسٹس قاضی فائز عیسٰی آپ سے امید تھی،  آپ نے کہا آئین پر چلوں گا، افسوس کہ آپ آئین پر نہیں چل سکے، آپ مہربانی کریں آئین و قانون کے مطابق فیصلے کریں۔"

اسی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر ولید اقبال نے کہا کہ 23 مارچ 1940 کو منٹو پارک میں خطاب اہم تھا۔

پی ٹی آئی رہنما نے حالیہ عام انتخابات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ 8 فروری کو مشکلات کے باوجود عوام نے پی ٹی آئی کو ووٹ دیا۔

قومی خبریں سے مزید