• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غزہ میں جنگ بندی کیلئے سیکیورٹی کونسل کی قرارداد خوش آئند ہے، وزیراعظم شہباز شریف

فائل فوٹو
فائل فوٹو

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے غزہ میں جنگ بندی کے لیے اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی قرارداد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کے لیے سیکیورٹی کونسل کی قرارداد خوش آئند ہے۔

ایک بیان میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ عالمی برادری غزہ پر سیکیورٹی کونسل کی قرارداد پر عملدرآمد یقینی بنائے، غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر جاری صہیونی ظلم و جبر مستقل طور پر بند ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے وحشیانہ حملوں میں اب تک ہزاروں خواتین اور بچے شہید ہو چکے ہیں، غزہ میں دانستہ اسپتالوں اور پناہ گزین کیمپوں پر بمباری انتہائی قابلِ مذمت ہے۔

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان جون 1967ء سے قبل سرحدوں والی فلسطینی ریاست کی حمایت جاری رکھے گا۔

واضح رہے کہ غزہ میں 32 ہزار سے زائد جانوں کے ضیاع کے بعد سلامتی کونسل نے بالآخر فوری جنگ بندی کی قرارداد منظور کر لی ہے، امریکا نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔

سلامتی کونسل کے 15 میں سے 14 ارکان نے قرارداد کی حمایت کی جبکہ امریکا نے غزہ میں جنگ بندی کی قرارداد پر ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔

قومی خبریں سے مزید