شانگلہ میں گاڑی پر حملے میں 5 چینی باشندوں کی ہلاکت کے معاملے پر چینی وزارت خارجہ کا بیان سامنے آیا ہے اور واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے جبکہ پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ پشام واقعے کے ذمہ داروں کو سزا دینے کے اقدامات کو تیز کرے۔
خبر ایجنسی کے مطابق ترجمان چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد حملے کے متاثرین سے تعزیت کرتے ہیں اور لواحقین سے گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔
ترجمان چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ چین نے اس واقعے پر اپنا پختہ مؤقف واضح کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ واقعے کے بعد وزارت خارجہ اور پاکستان میں چینی سفارت خانے نے فوری ہنگامی ردعمل کا طریقہ کار شروع کیا۔ واقعے کے بعد وزارت خارجہ اور پاکستان میں چینی سفارتخانے نے ہنگامی ردعمل کا کام تیزی سےکیا۔
لین جیان کا کہنا تھا کہ بیجنگ اور اسلام آباد میں پاکستان کے ساتھ قریبی تعلق میں ہیں۔ پاکستان سے مطالبہ ہے کہ ذمہ داروں کو سخت سزا دینے کے فوری اقدامات کو تیز کرے۔
ترجمان چینی وزارت خارجہ نے یہ بھی کہا کہ مرنے والوں کے لواحقین کی داد رسی کی جائے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں چینی اہلکاروں کی حفاظت کے مؤثر اقدامات یقینی بنائے جائیں، پاکستان میں چینی اہلکاروں کی زندگیوں کی حفاظت یقینی بنائی جائے۔