• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایف بی آر کے 2544 ارب کے کیسز عدالتی فیصلوں کے منتظر ہیں، خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ عدالتوں میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ہزاروں ارب کے کیسز فیصلوں کے منتظر ہیں۔

ایک بیان میں خواجہ محمد آصف نے کہا کہ ایف بی آر میں سپریم کورٹ میں 102 ارب اور ہائی کورٹس میں 742 ارب کے کیسز کئی سال سے فیصلوں کے منتظر ہیں۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ ایف بی آر کے 1700 ارب روپے کے کیسز کے فیصلے زیر التوا ہیں، یہ سب ٹیکس نادہندہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کیسز میں التوا ایف بی آر اور دیگر کی ملی بھگت سے ہوتا ہے، یہ 2 ہزار 544 ارب روپے وصول کرلیے جائیں تو آئی ایم ایف سے نجات مل سکتی ہے۔

خواجہ آصف نے یہ بھی کہا کہ یہ ہزاروں ارب روپے ہمارے بہت سے دکھ دور کرسکتے ہیں، صحت، تعلیم اور دفاعی اخراجات پورے ہوسکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عدلیہ کو اگر اہم ایشوز سے فراغت ہو تو ایف بی آر محصولات توجہ کے مستحق ہیں، وہ کوشش میں ہیں کہ پتا چلے کہ یہ سلسلہ کب سے ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ کئی سال پہلے انہوں نے پی اے سی میں یہ مسئلہ اٹھایا تھا لیکن ایف بی آر نے زیادہ لفٹ نہ کرائی۔

انہوں نے کہا کہ یہ محصولات مذاکرات کے ذریعہ طے کیے جا سکتے ہیں، تھوڑی ایمانداری اور وطن سے محبت کی ضرورت ہوگی۔

قومی خبریں سے مزید