کراچی کے علاقے نیو کراچی ایوب گوٹھ میں ڈاکوؤں اور پولیس کے درمیان مقابلے میں نوجوان شہری کے قتل کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق مقدمہ ہیڈ کانسٹیبل محمد توفیق کی مدعیت میں سہراب گوٹھ تھانے میں درج کیا گیا ہے۔
مقدمے کے متن کے مطابق ساتھی اہلکاروں کے ہمراہ گشت پر مامور تھا کہ مشتبہ موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا، ملزمان نے فائرنگ کی اور جوابی فائرنگ میں دونوں ملزمان موٹرسائیکل سے گر گئے۔
ایف آئی آر کے مطابق ڈاکو سمیر زخمی ہوا جبکہ ساتھی زاہد اسلحہ پھینک کر فرار ہو گیا۔
مقدمے کے متن مطابق موقع پر موجود عوام نے بتایا کہ ملزمان کی فائرنگ سے راہ گیر زخمی ہوا ہے جو اسپتال منتقلی کے دوران دم توڑ گیا۔
اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتول کے جسم پر گولی کا زخم تیس بور کا لگ رہا ہے، جبکہ ملزمان سے ملنے والا اسلحہ بھی تیس بور کا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقابلے میں پولیس ٹیم کے پاس نائن ایم ایم اور ایس ایم جی رائفل تھیں، مقتول کے ورثاء لاش بغیر پوسٹ مارٹم کے لے گئے، ڈاکوؤں اور اہلکاروں کے اسلحے کے خول فارنزک کے لیے بھجوا دیے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ رواں سال اب تک ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 49 شہری جاں بحق ہو چکے ہیں۔