سکھر(بیورو رپورٹ،چوہدری محمد ارشاد)ضلعی انتظامیہ اور محکمہ نساسک کی جانب سے عیدالفطر کے موقع پر صفائی کے نظام کو بحال رکھنے کے تمام تردعوے بے بنیاد ثابت ہوئے، عیدالفطر کے تینوں روز شہر کی گنجان آبادی والے علاقوں میں گندگی کے ڈھیر اور گندے پانی کے جوہڑ موجود رہے جس کے باعث لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، خاص طو رپر جمعہ کے روز ڈھک روڈ، نشتر روڈ سے ملحقہ گلیوں میں نالیاں اور گٹر بند ہوجانے سے سیوریج کا پانی علاقے میں پھیل گیا اور خواتین، بچے گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے، جمعہ میں نماز کی ادائیگی کے لئے لوگوں کو گلی محلوں میں اینٹیں رکھ کر اور موٹر سائیکلوں کے ذریعے گزرنا پڑا جس کے باعث لوگ پریشانی سے دوچار رہے، رمضان المبارک کا پورا مہینے شہر میں صفائی ستھرائی کی ناگفتہ بے صورتحال نے لوگوں کو مشکلات سے دوچار رکھا تو عید الفطر کے موقع پر بھی انتظامیہ اور محکمہ نساسک صفائی ستھرائی کے نظام کو بحال رکھنے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی، شہر کے کسی بھی علاقے میں محکمہ نساسک کے ملازمین کام کرتے دکھائی نہیں دیئے، عید الفطر کے روز بھی اکثریتی علاقوں میں گندگی کے ڈھیر اور ان سے اٹھنے والے تعفن کے باعث لوگ پریشان رہے، سکھر کی گنجان آبادی والے علاقوں باغ حیات علی شاہ، جناح چوک، میانی روڈ، نشتر روڈ، ڈھک روڈ، غریب آباد، پان منڈی، پرانا سکھر، نیوپنڈ، نواں گوٹھ اور دیگر علاقوں میں صفائی ستھرائی کا کوئی انتظام نہیں کیا گیا تھا عید کے تینوں روز محکمہ نساسک اور انتظامیہ کے افسران یا اہلکار کسی بھی جگہ دکھائی نہیں دیئے خاص طو رپر محکمہ نساسک کے ملازمین جن کی ذمہ داری ہے کہ وہ صفائی ستھرائی کے نظام کو بحال رکھیں لیکن محکمہ نساسک کی جانب سے عید الفطر کے موقع پر اقدامات نہ کئے جانے کے باعث لوگوں کومشکلات کا سامنا کرنا پڑا، سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے صدر حاجی ہارون میمن، سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی جاوید میمن، جمعیت علماء پاکستان کے صوبائی صدر مفتی محمد ابراہیم قادری،سکھر پارٹیز الائنس کے چیئرمین مشرف محمود قادری، ڈاکٹر سعید اعوان، جماعت اسلامی کے امیر مولانا حزب اللہ جکھرو، نذیر کمبوہ، مسلم لیگ ن کے ضلعی رہنماء سرور لطیف، جمعیت علماء اسلام کے رہنماء عبدالحق مہر سمیت دیگر سیاسی، سماجی، مذہبی تجارتی اور عوامی حلقوں نے عید الفطر کے موقع پر صفائی ستھرائی کی ناگفتہ بے صورتحال کی سخت مذمت کی، ان رہنماؤں کا کہنا تھا کہ محکمہ نساسک نے 8سال سے لوگوں کو مشکلات سے دوچار کررکھا ہے، صفائی ستھرائی کی ناگفتہ بے صورتحال، کاروباری مراکز، سڑکوں ، گلی محلوں میں آئے روز سیوریج کا پانی اور شہر کے متعدد علاقوں میں پینے کے پانی کے بحران جیسی صورتحال کے باعث لوگ پریشانی سے دوچار ہیں، محکمہ نساسک نے شہر کا حلیہ بگاڑ کر رکھ دیا ہے اور عملہ اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں ناکام ثابت ہوا۔