مرتب: طلعت عمران، کراچی
ہم نے ہر سال کی طرح حسبِ روایت امسال بھی سن ڈے میگزین کے ’’عیدالفطر ایڈیشن‘‘ کے لیے آپ کو اپنے پیاروں کے نام پیغامات بھیجنے کا سندیسہ دیا۔ جواباً بہت کم وقت میں بھی آپ کی جانب سے میٹھی عید کی میٹھی میٹھی خوشیوں سے لب ریز، محبّت و چاہت کی شیرینی میں گندھے، دلی جذبات و احساسات پر مبنی متعدّد پیغامات وصول ہوئے۔
چوں کہ صفحات کی کمی کے سبب تمام پیغامات کی ایک ساتھ اشاعت ممکن نہیں،لہٰذا آج پیشِ خدمت ہے، پہلی قسط۔ دیکھیے، آپ کی نیک تمنّائوں ، محبتوں اور چاہتوں سے بھرپور یہ پٹاری، ہم آپ ہی کے سامنے کھول کے رکھے دے رہے ہیں۔ یا درہے، پہلے موصول ہونے والے پیغامات کو ترجیحاًپہلے شایع کیا جا رہاہے۔
بُھول جانے والوں کے نام
عید کا دن ہے، سو کمرے میں پڑا ہوں اسلمؔ
اپنے دروازے کو باہر سے مقفل کرکے
٭٭٭٭
عید تو آکے مرے جی کو جلاوے افسوس
جس کے آنے کی خوشی ہو، وہ نہ آوے افسوس (پرنس افضل شاہین، نادرشاہ بازار، بہاول نگر)
امّی، ابّو کے نام
بہت پیارے امّی، ابّو! آج مجھے جو مقام و مرتبہ حاصل ہے، وہ آپ کی شب و روز کی محنت ہی کا نتیجہ ہے۔ میری طرف سے آپ دونوں کو عیدالفطر کی ڈھیروں خوشیاں مبارک ہوں۔ اللہ تعالیٰ آپ کا سایا ہم پر تادیر قائم رکھے۔ آمین (تنویر احمد، کراچی کی محبّت و چاہت)
دوستوں کے نام
آج یاروں کو مبارک ہو کہ صبحِ عید ہے
راگ ہے، مے ہے، چمن ہے، دل رُبا ہے، دِید ہے (احمد خان، بھکّرکا تحفہ)
سن ڈے میگزین کی ٹیم کے لیے
دقّتِ نظری اور کڑی محنت سے’’جنگ ،سن ڈے میگزین‘‘ تیار کرنے والی ایڈیٹر صاحبہ اور اُن کی ٹیم کو تہہ دل سے عید مبارک۔ (محمد رئیس علوی، حیدر آباد سے)
پردیسیوں کے نام
مناؤ عید، بہارِ چمن کو یاد کرو
پیامِ عشق کے اِک سُخن کو یاد کرو
ہجومِ شوق سے فرصت ملے، تو اہلِ وطن
وطن سے دُور کسی بے وطن کو یاد کرو (شاہد خان نیازی، جدّہ، سعودی عرب کی فریاد)
اہلِ وطن کے نام
ہوش رُبا منہگائی اور حُکم رانوں کی طفل تسلّیوں کے بوجھ تلے دبے اہل پاکستان کو عید کی رہی سہی خوشیاں مبارک ہوں۔ ( نواز شاہ، مردان کا پیغام)
پاک فوج کے نام
پاک سرزمین کی سرحدوں پر مامور پاک فوج کے جوانوں اور مادرِ وطن پر اپنی جان نچھار کرنے والے شہدا کو میری طرف سے تہہ دل سے عید مبارک قبول ہو۔ (نثار احمد اعوان، چکوال سے)
اپنی نصف بہتر کے نام
میرے اچھے، بُرے وقتوں کی ساتھی، میری شریکِ حیات، میری مونس و غم گُسار اور چہیتی بیگم! تمہیں عیدِ سعید مبارک ہو۔ (اکرام لودھی، لاہور کے اظہارِ محبّت کا ایک انداز)
شفیق و محترم والدہ کے لیے
ہمارے کل کی خاطر اپنا آج قربان کر دینے والی نہایت مُشفق و مہربان والدہ کو میری طرف سے میٹھی عید بہت بہت مبارک ہو۔ (ارم،شان ڈونگ، چین کی جانب سے)
اُمّتِ مسلمہ کے نام
افسردہ ہیں افلاک و زمیں، عید مبارک
آزردہ مکان اور مکیں، عید مبارک
یہ صبحِ مسّرت ہے کہ شامِ غریباں
رنجیدہ و دل گیر و حَزیں، عید مبارک (حسن خان، گلشنِ اقبال، کراچی کا نوحہ)
پیارے باباجانی کے نام
کڑی، تپتی دھوپ میں ہمارے لیے سایہ اور ٹھنڈی چھائوں بننے والے پیارے بابا جانی! آپ کو میری جانب سے عیدالفطر مبارک ہو۔ اللہ تعالیٰ آپ کا سایۂ عافیت ہم پر تا دیر قائم رکھے، آمین۔ (شاہ نواز جدون، کیماڑی، کراچی سے)
ننّھےمُنّے پوتوں، پوتیوں اور نواسوں، نواسیوں کے نام
میرے ننّھے مُنّے پوتے، پوتیاں، نواسے اور نواسیاں میری جِند جان ہیں۔ اللہ کرے، اُن کی چہکاروں اور قلقاریوں سے میرے گھر کا آنگن ہمیشہ گونجتا رہے اور ہم سب ان کی نِت نئی شرارتوں اور من موہنی حرکتوں سے اسی طرح خُوب انجوائے کرتے رہیں۔ میری طرف سے تم سب کو میٹھی عید کی میٹھی میٹھی مبارک باد قبول ہو۔ (فاطمہ خاتون،سیال کوٹ کی ممتااور دُعا )
اہلِ غزہ کے نام
غزہ اور فلسطین کے مسلمان گزشتہ پانچ ماہ سے آگ اور بارود کے سائے تلے زندگی گزار رہے ہیں۔ اسرائیلی بم باری سے شہر کے شہر کھنڈر اور ہزاروں شہری لقمۂ اجل بن چُکے ہیں، لیکن اہلِ غزہ کے حوصلے پست نہیں ہوئے۔ مَیں فلسطینی مجاہدینِ آزادی کو دلی عید مبارک پیش کرتا ہوں۔ میری دُعا ہے کہ فلسطینی مسلمان جلد از جلد اسرائیلی مظالم سے نجات حاصل کریں، آمین۔ (سیّد ذیشان علی، کراچی کی دلی تمنّا)
ناراض رشتے داروں کے نام
ہے روزِ عید بھلاؤ تمام شکوے گلے
گلے ملو تو کچھ ایسےکہ دل سے دل بھی ملے
کدورتوں کو مٹانے کا وقت آیا ہے
بھلاؤ رنجشیں، موقع یہ پھر ملے نہ ملے (پروفیسر چوہدری محمّد خاور، لاہور کی استدعا)