بلقیس طاہر، کراچی
عید الفطر کا دوسرا نام ’’میٹھی عید‘‘ ہے اور یہ عید سے منسوب میٹھے پکوانوں ہی کے توسّط سے ہے کہ عیدالفطر کا آغاز ہی میٹھے پکوانوں سے ہوتا ہے، جن میں شیر خُرما ہر دل عزیز ہے۔ اسے تمام میٹھے کھانوں پر فوقیت حاصل ہے کہ ایک تو یہ بہت لذیذ ہوتا ہے، دوم توانائی سے بھرپور بھی۔ اس میں دودھ، سویّاں اور خُشک میوہ جات سب بیک وقت شامل ہوتے ہیں۔ بہرحال، عیدالفطر کی مناسبت سے ہم آج آپ کے لیے تین انتہائی ذائقے دار میٹھوں کی تراکیب کے ساتھ حاضر ہیں۔ جو چاہیں، آزمائیں اور میٹھی عید کو کچھ اور بھی میٹھا منائیں۔
شیر خُرما
اجزا : چھوہارے200گرام (گٹھلیاں نکال کر چھوٹے ٹکڑے کرلیں)، ثابت کھوپرا 50گرام، کشمش 50گرام، پستہ 50 گرام، بادام50 گرام (چاہیں تو چھوٹے کرلیں)، دیگر کوئی ڈرائی فروٹ ڈالنا چاہیں، تو وہ بھی ڈال سکتی ہیں، چھوٹی الائچی 6 عدد، دودھ ایک کلو، سویّاں 250گرام،چینی حسبِ ِذائقہ، کوکنگ آئل150سے 200گرام۔
ترکیب: پانی میں سویّاں اُبال کر ایک طرف رکھ دیں اور ان اُبلی ہوئی سویّوں پر تھوڑا سا آئل ڈال دیں۔ تمام میوہ جات کو ایک برتن میں کوکنگ آئل کے ساتھ بُھون لیں۔ جب میوہ نرم ہو جائے، تو اس میں سویّاں ڈال کر تھوڑی سی چینی کے ساتھ ہلکا سا بھون لیں، پھر دودھ ڈال کر باقی چینی ملا کر اُس وقت تک پکائیں، جب تک دودھ اورسویّاں یک جان نہ ہو جائیں۔ تیار ہو جائے، تو بائول میں نکال کر پیش کریں۔
اسپیشل ربڑی کھیر
اجزاء: چاول 2 مُٹھی (پسے ہوئے)،دودھ 2 کلو،چینی ایک کپ، الائچی پاؤڈر آدھا چائے کا چمچہ، کیوڑا ایسینس 2سے 3 قطرے، تازہ ربڑی ایک پاؤ (لچّھے دار)،بادام اور پستہ حسبِ ضرورت۔
ترکیب: دودھ کو اتنا پکائیں کہ اُس کی رنگت ہلکی گلابی ہوجائے۔ پھر اِسی دودھ میں چاول ڈال کر ہلکی آنچ پر پکائیں، یہاں تک کہ چاول اچھی طرح گَل جائیں۔ پھر اس میں چینی شامل کریں اور کچھ دیر مزید پکائیں۔ اس کے بعد الائچی پاؤڈر اور خشک میوے ڈال کر 10 منٹ تک پکائیں۔کھیر درمیانی گاڑھی ہونے لگے تو چولھے سے اْتار لیں۔ربڑی اور کیوڑا ایسینس ڈال کر ہلکا سا مکس کرلیں اور ٹھنڈی ہونے کے لیے فریج میں رکھ دیں۔لیجیے، انتہائی آسان میٹھی ڈش اسپیشل ربڑی کھیر تیار ہے۔
کریسپی شاہی ٹکڑے
اجزاء: ڈبل روٹی کے سلائس 8عدد،کنڈینسڈ ملک ایک پیکٹ، چھوٹی الائچی 4عدد، بادام حسبِ ضرورت باریک کٹے ہوئے،گھی حسبِ ضرورت،کارن فلور ایک کھانے کا چمچہ،چینی آدھا کھانے کا چمچہ۔
ترکیب: پہلے ایک کڑاہی میں حسبِ ضرورت گھی گرم کرکے اس میں ڈبل روٹی کے سلائس ڈیپ فرائی کریں اور گولڈن براؤن ہونے پر نکال کر اخبار پر پھیلادیں تاکہ چکنائی جذب ہوجائے۔ فرائنگ پین کو ہلکی آنچ پر گرم کریں اور اب کنڈینسڈ ملک میں کارن فلور، چھوٹی الائچی اور چینی ملاکر فرائنگ پین میں ہلکا سا پکائیں، جب گاڑھا سا آمیزہ تیار ہوجائے تو اُتار کر تلے ہوئے سلائسز کے اوپر لگاکر درمیان سے 2ٹکڑے کرلیں یا گول کٹر سے کاٹ لیں۔ اوپر سے باریک کٹے بادام چھڑک کر ڈش میں نکال لیں۔
لیجیے، میٹھی عید کی 3اسپیشل ڈشز تیار ہیں، اپنے دسترخوان کی زینت بنا کر عید کا مزہ دوبالا کریں۔