• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت پاکستان نے چینی باشندوں کی فول پروف سیکیورٹی کی یقین دہانی کروائی ہے، چینی سفیر

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

چین میں پاکستانی سفیر جیان ژائی ڈونگ نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان نے چینی باشندوں کی فول پروف سیکیورٹی کی یقین دہانی کروائی ہے۔ 

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے ہمراہ دورہ داسو کے موقع پر چینی انجینئرز سے اور ماہرین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ 

اس حوالے سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا کہ بشام میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والے چینی انجینئرز کی یاد میں 30 سیکنڈز کی خاموشی اختیار کی گئی۔

اپنے خطاب میں چینی سفیر جیان ژائی ڈونگ کا کہنا تھا کہ حملے کے فوری بعد وزیراعظم پاکستان نے اظہار یکجہتی کےلیے چینی سفارتخانے کا دورہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے چینی باشندوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کےلیے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد کیا۔

چینی سفیر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان نے اپنی مصروفیت کے باوجود چینی انجینئرز سے اظہار یکجہتی کیلئے داسو کا دورہ کیا ہے۔

جیان ژائی ڈونگ نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے چینی باشندوں کی فول پروف سیکیورٹی کی یقین دہانی کروائی، امید ہے پاکستانی حکومت دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام کےلیے مزید اقدامات کرے گی۔

اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر خطاب میں وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چینی بہن بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کےلیے داسو کا دورہ کیا۔

انہوں نے کہا تھا کہ 26 مارچ کو بشام میں افسوسناک واقعے پر چینی انجینئرز اور ورکرز سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔ حکومت چینی باشندوں کے بھرپور تحفظ کو یقینی بنانے کےلیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بشام واقعہ میں ملوث عناصر کو قرار واقعی سزادی جائے گی، چینی دوست پاکستان کی ترقی اورخوشحال کےلیے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ بشام واقعہ کے پس پردہ پاکستان کے دشمن کار فرما ہیں، بشام واقعہ دہشت گردوں کا بزدلانہ فعل تھا، واقعے کا مقصد پاکستان اور چین کی غیر معمولی دوستی کو متاثر کرنا تھا۔ واقعے میں ملوث شرپسند عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ واقعے کی تحقیقات کےلیے مشترکہ تحقیقات ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دی گئی ہے، جے آئی ٹی کی سفارشات پر بلاتاخیر کارروائی کریں گے۔

انکا کہنا تھا کہ واقعے پر اعلیٰ سطح کا سیکیورٹی اجلاس طلب کیا جس میں صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، آئندہ چند دنوں میں میری صدارت میں ایک اور اجلاس ہو گا۔

وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ داسو سمیت ملک بھر میں کام کرنے والے چینی شہریوں کو بہتر سیکیورٹی فراہم کریں گے۔

قومی خبریں سے مزید