وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بشام میں دہشت گرد حملہ پاکستان کے دشمنوں نے کیا ہے۔
داسو میں بشام واقعے کے تناظر میں چینی انجینئرز اور ورکرز سے گفتگو میں شہباز شریف نے کہا کہ حملے کا مقصد پاک چین دوستی کو متاثرکرنا تھا۔
انہوں نے کہا کہ بشام واقعہ دہشت گردوں کا بزدلانہ فعل تھا، حکومت چینی انجینئرز کو ہر ممکن سیکیورٹی فراہم کرے گی۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ چینی بھائیوں، بہنوں سے اظہار یکجہتی کےلیے داسو کا دورہ کیا، بشام دہشت گرد حملے پر آپ لوگوں سے تعزیت کرتا ہوں۔
اُن کا کہنا تھا کہ ایسے واقعات کا مقصد پاک چین غیر معمولی دوستی کو متاثر کرنا تھا، پاک چین دوستی کو نقصان پہچانے میں ہمارے دشمن کوئی بھی موقع جانے نہیں دے رہے۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ 26 مارچ کو 5 چینی انجینئرز اور ایک پاکستانی شہری جان کی بازی ہار گئے، بشام واقعے میں ملوث دہشت گردوں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔