• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
خیبر پختونخوا اسمبلی—فائل فوٹو
خیبر پختونخوا اسمبلی—فائل فوٹو

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبر پختونخوا میں سینیٹ انتخابات تا حکمِ ثانی ملتوی کر دیے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق اپوزیشن اراکین نے انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست دائر کی تھی جس کو منظور کرتے ہوئے انتخابات ملتوی کیے گئے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات ملتوی کیوں ہوئے؟

الیکشن کمیشن نے خیبر پختون خوا میں سینیٹ انتخابات ملتوی کرنے کا تحریری آرڈر جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسپیکرخیبر پختون خوا اسمبلی سے مخصوص نشستوں کے ممبران نےحلف برداری کے لیے رابطہ کیا مگر انہوں نے ارکان کی حلف برداری کے انتظامات نہیں کیے۔

الیکشن کمیشن کا تحریری آرڈر


الیکشن کمیشن کے تحریری آرڈر کے مطابق خیبر پختون خوا کی حد تک سینیٹ الیکشن ملتوی کیا جاتا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق مخصوص نشستوں پر ممبران کی حلف برداری تک الیکشن ملتوی کیا جاتا ہے۔

الیکشن کمیشن نے ہدایت دیں کہ خیبر پختون خوا اسمبلی میں ممبران کی حلف برداری کے لیے انتظامات کیے جائیں، خیبر پختون خوا اسمبلی میں سینیٹ الیکشن کے لیے الیکٹورل کالج مکمل نہیں۔

کنور دلشاد نے کیا کہا؟

سابق سیکریٹری الیکشن کمیشن کنور محمد دلشاد کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے آرٹیکل 17، 218 اور الیکشن ایکٹ کے تحت خیبر پختون خوا کے سینیٹ انتخابات ملتوی کیے ہیں۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے اس لیے سینیٹ انتخاب ملتوی کیے کیونکہ ہاؤس مکمل نہیں ہے۔

سابق سیکریٹری الیکشن کمیشن کنور محمد دلشاد کا یہ بھی کہنا ہے کہ 30 نشستوں کو نظر انداز کر کے سینیٹ کا انتخاب کرانا آئین کی خلاف ورزی ہے۔

سینیٹ انتخابات ملتوی کرنے پر احتجاج کرینگے: علی امین گنڈاپور

وزیرِ اعلیٰ خیبرپختون خوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ کے پی میں سینیٹ انتخابات ملتوی کرنے کے خلاف بھرپور احتجاج کریں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان نے غیر قانونی طور پر الیکشن ملتوی کرنے کی درخواست دی۔

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ پارٹی چیئرمین نے ایک بات سکھائی کہ ہم لڑیں گے، 25 ارکان کو الیکشن کمیشن نے غیر قانونی طور پر نشستیں دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام نے ہمیں مینڈیٹ دیا ہے، آئین کی پاسداری پاکستان کے ہر شہری پر فرض ہے، ملک میں بار بار آئین کو توڑا جا رہا ہے۔

علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ آئین میں 90 روز میں انتخابات کرانا ہوتے ہیں، جو نہیں کرائے گئے، ہمارے انٹرا پارٹی الیکشن کو متنازع بنا کر نشان چھین لیاگیا، مخصوص نشستیں چھین لی گئیں۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ سارا نظام ایک روز بے نقاب ہو گا کہ کس طرح سے ہماری سیٹیں کسی اور جماعت کو دے دی گئیں؟ میں واضح طور پر کہہ رہاہوں، ہم اس چیز کا مقابلہ کریں گے۔

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ہم آخری حد تک جائیں گے، ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے، مقابلہ کریں گے، غیر قانونی طور پر ارکان بننے والوں کو حلف نہیں لینے دیں گے، ہم کسی طور پر اپنے آئینی حقوق پر سمجھوتا نہیں کریں گے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ آئین کے تحفظ کے لیے ہر اقدام کریں گے، 9 مئی پر جوڈیشل کمیشن کیوں نہیں بنایا گیا؟ سائفر پر ابھی تک کیوں جوڈیشل کمیشن نہیں بنایا گیا؟ 6 ججز کے خط پر فل کورٹ کیوں نہیں بنایا جا رہا ہے؟

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور نے یہ بھی کہا کہ ہم ان غیر قانونی لوگوں کو حلف نہیں اٹھانے دیں گے، پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق قرار داد پاس کریں گے۔

KP حکومت کی ہٹ دھرمی کے باعث سینیٹ الیکشن نہیں ہوا: اپوزیشن لیڈر عباداللّٰہ

خیبر پختون خوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عباداللّٰہ کا کہنا ہے کہ کے پی حکومت کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے یہاں سینیٹ کا الیکشن نہیں ہو سکا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خیبر پختون خوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عباداللّٰہ نے کہا کہ اسپیکر کسٹوڈین آف دی ہاؤس ہوتا ہے، آج کسٹوڈین آف دی ہاوس غائب ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اسپیکر کے پی اسمبلی بانیٔ پی ٹی آئی کے ٹائیگر بنے ہوئے ہیں، انہوں نے اپنا کردار ادا نہیں کیا، یہ نہ آئین کو مانتے ہیں، نہ قانون کو مانتے ہیں۔

خیبر پختون خوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عباداللّٰہ کا مزید کہنا ہے کہ پہلی بار غیر قانونی طور پر کے پی اسمبلی ہال الیکشن کمیشن کے حوالے کیا گیا۔

انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ یہ لوگ الیکشن کمیشن اور عدالت کے واضح فیصلوں کو نہیں مانتے، عوام کی بدقسمتی ہے کہ پورے ملک کے بر عکس یہاں سینیٹ انتخابات نہیں ہو رہے۔

KP میں سینیٹ انتخاب ملتوی نہیں کرنا چاہیے تھا: بیرسٹر گوہر

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کو کے پی میں سینیٹ الیکشن ملتوی نہیں کرنا چاہیے۔

پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم آزاد امیدوار نہیں ہیں، سنی اتحاد کونسل میں باقاعدہ شامل ہوئے تھے۔

ان کا کہنا ہے کہ 720 صفحات کی دستاویزات میں نے الیکشن کمیشن میں جمع کرائی تھی۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ مخصوص نشستوں پر جو پارٹی اسٹرکچر دیا تھا اس میں سنی اتحاد کونسل کا نام تھا، اسپیکر کا یہ قرار دینا کہ ہم آزاد ہیں مناسب نہیں۔

بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ خیبر پختون خوا میں اپوزیشن کی 17 سیٹیں ہیں اور وہ 30 سیٹیں اور مانگ رہی ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ آرٹیکل 51 کے مطابق کسی بھی جماعت کو اس کی جیتی ہوئی سیٹوں سے زیادہ سیٹیں نہیں دیں گے۔

سینیٹ انتخابات ملتوی کرنے کیلئے اپوزیشن کی درخواست

اس سے قبل اپوزیشن اراکین نے خیبر پختونخوا اسمبلی میں سینیٹ انتخابات ملتوی کرنے کے لیے درخواست جمع کرائی تھی۔

اپوزیشن کے احمد کریم کنڈی نے صوبائی الیکشن کمشنر کو درخواست دی تھی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ہمارے 25 ارکان سے ابھی تک حلف نہیں لیا گیا۔

درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ سینیٹ الیکشن ملتوی کیا جائے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ صوبائی الیکشن کمشنر نے اپوزیشن کی درخواست پر چیف الیکشن کمشنر سے رابطہ کیا تھا۔

الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق خیبر پختونخوا اسمبلی میں سینیٹ انتخابات کے لیے آج انتظامات مکمل تھے، جبکہ الیکشن کمیشن کا عملہ بھی وہاں موجود تھا۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی مواد خیبر پختونخوا اسمبلی میں قائم پولنگ اسٹیشن پہنچایا گیا تھا جبکہ سینیٹ انتخابات میں پریزائیڈنگ افسر کے فرائض انجام دینے والے صوبائی الیکشن کمشنر شمشاد خان بھی صوبائی اسمبلی میں موجود تھے۔

قومی خبریں سے مزید