اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی کو سبوتاژ کرنے کی ہر سازش کو ناکام بنانے کےلیے پُرعزم ہیں۔
اس حوالے سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے چینی سفارتخانے کا دورہ کیا جہاں انہوں نے چینی سفیر جیانگ ژائی ڈونگ سے ملاقات کی۔
اسپیکر اسمبلی نے بشام دہشت گرد حملے میں چینی انجینئرز کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کا بااعتماد دوست ہے اور ہر مشکل وقت کا ساتھی ہے۔ پارلیمان اور عوام چینی انجینئرز کے اہلخانہ سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔
اسپیکر ایاز صادق کا کہنا تھا کہ چینی باشندوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانا گھناؤنی سازش ہے، پاک چین دوستی کو سبوتاژ کرنے کی ہر سازش کو ناکام بنانے کےلیے پُرعزم ہیں۔
اعلامیہ میں بتایا گیا کہ اسپیکر نے چینی سفارتخانے میں رکھی کتاب میں تعزیتی تاثرات بھی قلم بند کیے۔