سپریم کورٹ کے ججز کو دھمکی آمیز خط موصول ہونے کے معاملے پر تھانہ محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔
سپریم کورٹ آر اینڈ آئی برانچ انچارج کی مدعیت میں مقدمہ انسداد دہشتگردی کی دفعات 7 اے ٹی اے اور 507 کے تحت درج کیا گیا۔
مقدمے کے متن میں کہا گیا کہ عام ڈاک موصول ہوئی متعلقہ جسٹس صاحبان کے سیکریٹریز کو ڈاک وصول کروائی گئی، ایڈمن انچارج نے 3 اپریل کو بذریعہ فون بتایا ان لفافوں میں سفید پاؤڈر نما کیمیکل موجود ہے۔
ایف آئی آر میں کہا گیا کہ 3 خطوط گلشاد خاتون پتہ نامعلوم، ایک خط سجاد حسین پتہ نامعلوم کی طرف سے بھیجے گئے، خطوط کے ذریعے خوف ہراس پھیلانے کی کوشش کی گئی ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کے ججز کو بھجوائے گئے خطوط کی تفتیش کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کر رہی ہے۔
سی ٹی ڈی کی ابتدائی تفتیش میں ذرائع کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کے ججز کو خطوط ایک ہی جگہ سے بھیجے گئے، خطوط سب ڈویژنل پوسٹ آفس سیٹلائٹ راولپنڈی سے بھیجے گئے۔