پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ انتخابات میں کسی ایک جماعت کو واضح اکثریت نہیں ملی، سندھ اور بلوچستان میں عوامی معاشی معاہدے پر عمل کریں گے، میثاق معیشت پر 90 فیصد عمل کردیا، اب عدالتی اصلاحات پر عمل کریں گے۔
نوڈیرو میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ رمضان کے بعد گڑھی خدا بخش میں جلسہ کریں گے۔ کارکنوں اور رہنماؤں نے محنت کے ساتھ الیکشن مہم چلائی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ میں نے وزیر اعلیٰ سندھ کو کہا ہے کہ اگلا بجٹ آنے سے پہلے صوبے بھر کا دورہ کریں اور کھلی کچہریاں رکھیں، الیکشن میں عوامی معاشی معاہدہ کا اعلان کیا تھا، ہم وفاقی حکومت میں شامل نہیں۔ سندھ، بلوچستان میں عوامی معاشی معاہدے پر عمل کریں گے۔
پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کا عدالتی قتل کیا گیا، شہید بھٹو کے کیس میں آرڈر ملا ہے، ایک تاریخی جرم ہوا جس کا اعتراف ہو رہا ہے، شہید بھٹو کو فیئر ٹرائل نہیں ملا، ہمیں اب عدالتی اصلاحات کی طرف جانا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اب پیپلز پارٹی کا وفاقی حکومت سے مطالبہ ہونا چاہیے کہ عدالتی اصلاحات پر عمل کریں، عدالتی اصلاحات کے لیے آئین اور قانون میں جو ترامیم کرنا پڑیں وہ کریں گے۔