وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی ملاقات کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ وزیراعظم اور شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ملاقات مکہ مکرمہ کے الصفاء محل میں ہوئی۔ سعودی ولی عہد نے وزیراعظم شہباز شریف کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
پاکستان کی طرف سے دوطرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے اور معاشی تعاون پر زور دیا گیا، دونوں اطراف نے پاک بھارت مذاکرات کی ضرورت و اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ خطے میں استحکام کےلیے دونوں ممالک اپنے زیر التوا امور بالخصوص مسئلہ کشمیر کو حل کریں۔
مشترکہ اعلامیہ میں یہ بھی کہا گیا کہ وزیر اعظم نے سعودی ولی عہد کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت دی جو سعودی ولی عہد نے قبول کرلی۔
اس میں بتایا گیا کہ باہمی تعلقات کو مختلف شعبوں میں بڑھانے پر بات چیت کی گئی۔ دونوں ملکوں کے درمیان 5 ارب ڈالر سرمایہ کاری کو تیزی سے آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے خطے اور عالمی امور پر باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی جبکہ غزہ میں پریشان کن صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی۔
مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ غزہ میں اسرائیلی فوجی آپریشنز کو بند کرنے کی عالمی کوششوں پر بھی گفتگو کی جبکہ اسرائیل پر انسانی حقوق اور عالمی قوانین پر عملدرآمد کےلیے بین الاقوامی برادری کے دباؤ پر بھی بات چیت کی گئی۔
مشترکہ اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں سیکیورٹی کونسل، جنرل اسمبلی کی قراردادوں کے تحت امن عمل آگے بڑھانے پر بات چیت کی گئی۔