وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے شاہ نورانی روڈ پر زائرین کا ٹرک کھائی میں گرنے پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔
وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔
دوسری جانب وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بھی شاہ نورانی کے قریب روڈ حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
بلوچستان حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جام غلام قادر اسپتال حب میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
وزیرِ اعلیٰ نے ضلعی انتظامیہ کو زخمیوں کی کراچی منتقلی اور سندھ حکومت سے رابطے کی ہدایت کی۔
ترجمان نے کہا کہ کمشنر قلات اور ڈپٹی کمشنر حب کو ہنگامی اقدامات کی ہدایات کی گئی ہیں۔
قائم مقام اسپیکر بلوچستان اسمبلی غزالہ گولہ نے شاہ نورانی کے قریب روڈ حادثے پر اظہار افسوس کیا۔
انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہمدردیاں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔
واضح رہے کہ شاہ نورانی روڈ پر زائرین کی گاڑی کو پیش آنے والے حادثے میں 17 افراد جاں بحق اور کئی افراد زخمی ہو گئے ہیں۔